نئی حلقہ بندیوں کے بعد وزیراعظم کے انتخاب کے لیے نمبر گیم بھی تبدیل ہو گئی

نئے وزیراعظم کو منتخب کرنے کے لیے اب 172 ارکان کی بجائے 169 ووٹ درکار ہوں گے

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 28 ستمبر 2023 12:47

نئی حلقہ بندیوں کے بعد وزیراعظم کے انتخاب کے لیے نمبر گیم بھی تبدیل ..
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 ستمبر 2023ء) نئی حلقہ بندیوں کے بعد وزیراعظم کے انتخاب کے لیے نمبر گیم بھی تبدیل ہو گئی۔الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نئی حلقہ بندیوں کے بعد نئے وزیراعظم کو منتخب کرنے کے لیے 169 ووٹ درکار ہوں گے۔پرانی حلقہ بندیوں کے مطابق وزیراعظم منتخب کرنے کے لیے 172 ارکان کی حمایت درکار تھی۔قومی اسمبلی کی عمومی نشستوں کی تعداد 266 ہو گئی۔

مخصوص نشستوں کی تعداد 60 رکھی گئی ہے جس کے بعد قومی اسمبلی کی کل نشستوں کی تعداد 336 ہو گئی۔ الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخواہ کی قومی اسمبلی کی نشستوں میں نمایاں کمی کر دی ہے۔الیکشن کمیشن کی جانب سے کی گئی نئی حلقہ بندیوں میں خیبرپختونخوا کے ضم اضلاع قومی اسمبلی کی 6 نشستوں سے محروم ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ابتدائی حلقہ بندیوں میں قومی و صوبائی اسمبلیوں کی نشستوں کی تعداد میں ردوبدل کردیا ہے۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن کی جانب سے کی گئی حلقہ بندیوں میں خیبرپختونخواہ قومی اسمبلی کی کئی نشتوں سے محروم ہو گیا۔ خیبرپختونخواہ کے ضم اضلاع کو قومی اسمبلی کی 6 نشستوں سے محروم کردیا گیا ہے جس کے بعد ضم اضلاع کی قومی اسمبلی کی نشستیں 10 سے کم ہوکر 4 رہ گئیں۔ حلقہ بندیوں کی فہرست کے مطابق باجوڑ سے دو حلقے تھے این اے 40 اور این اے 41، اب نیا حلقہ این اے 8 ہوگا۔

ضلع خیبر سے این اے 43 اور 44 حلقہ تھے جو اب ایک حلقہ کم کرکے این اے 27 ہوگیا ہے۔ کرم سے بھی ایک حلقہ کم کردیا گیا ہے این اے 45 اور 46 کے بعد کرم کا نیا حلقہ این اے 27 ہوگا، اورکرزئی کا حلقہ این اے 47 ختم کردیا گیا ہے، ضلع کرم کو ہنگو کے حلقہ این اے 36 کے ساتھ شامل کردیا گیا ہے۔ اسی طرح جنوبی وزیرستان کا ایک حلقہ بھی ختم کردیا گیا ہے، این اے 49 اور این اے 50 کے بعد اب این اے 42 ساوتھ وزیرستان کا نیا حلقہ ہوگا۔ 2018 کے انتخابات کے بعد این اے 51 کا حلقہ فرنٹیئر ریجن پرمشتمل تھا۔