لبریشن فرنٹ کا انجینئرعبدالمجید وانی کی وفات پر اظہار افسوس

جمعرات 28 ستمبر 2023 15:29

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 ستمبر2023ء) جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے اولین کمانڈرانچیف و شہید کشمیر شہید اشفاق مجید وانی کے والد انجینئر عبدالمجید وانی کی وفات پر لبریشن فرنٹ نے گہرے رنج و غم اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت اور پسماندگان بالخصوص بیوہ اور بیٹی کے لئے صبرجمیل کی دعا کی۔سنٹرل انفارمیشن آفس سے جاری پریس بیان کے مطابق 85 سالہ مرحوم عبدالمجید وانی ایک باصلاحیت انجینئر ہونے کے علاوہ اعلیٰ پائے کے ایک دانشور اور مفکر تھے جنہوں نے اپنی اولاد کو اعلی تربیت سے مزین کیا تھا۔

پارٹی کے مرکزی ترجمان محمد رفیق ڈار کے مطابق شہید اشفاق مجید وانی کے فخریہ والد ہونے کے علاوہ مرحوم ریاست کے ایک سماجی کارکن کی حیثیت سے بھی مشہور تھے۔

(جاری ہے)

اپنے لخت جگر کو اس تحریک کے سپرد کر نے کے باوجود موجودہ تحریک آزادی کے آغاز پر 1990 میں ہلال احمر کے نام پر قائم ریلیف کمیٹی کے سربراہ کی حیثیت سے مرحوم کا تحریک آزادی کے تئیں گرانقدر اور ناقابل فراموش خدمات دیتے رہے ہیں۔

مرحوم عبدالمجید وانی کا دوسرا بیٹا محمد الیاس وانی دو سال قبل کورونا وائرس کا شکار ہوئے اور یوں آج عبدالمجید وانی کی وفات سے گھرانے میں کوئی مرد ممبر نہیں رہا جبکہ پسماندگان میں مرحوم کی بیوہ اور بیٹی غم سے نڈھال ہیں۔مرحوم کے نماز جنازہ میں لبریشن فرنٹ کے رہنماوں کے علاوہ جملہ آزادی پسند سیاسی، سماجی اور مذہبی جماعتوں سمیت سول سوسائٹی کے نمائندگان اور آستان عالیہ مسجد غوثیہ کے جملہ ممبران اور عوام علاقہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ نماز جنازہ مرحوم کے آبائی محلہ سرائے بالا کی ایک پارک میں ادا ہوئی۔