آئی ٹی کے شعبہ میں ترقی کی بہت گنجائش موجود ہے‘گورنرپنجاب محمد بلیغ الرحمن

آئی ٹی کی جدید مہارتوں سے نوجوان نسل کیلئے روزگار کے بیشمار مواقع ممکن ‘اسلام آباد میں ڈیجیٹل ڈیٹا پارک کا دورہ

ہفتہ 30 ستمبر 2023 22:05

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 ستمبر2023ء) گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا ہے کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ میں ترقی کرنے کی بہت زیادہ گنجائش موجود ہے اور اس کیلئے ہنگامی اقدامات کی از حد ضرورت ہے تاکہ باصلاحیت نوجوان نسل کیلئے روزگار کے ساتھ ساتھ زندگی میں آگے بڑھنے کے مواقع پیدا ہو سکیں۔یہ بات گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں جاز ڈیجیٹل ڈیٹا پارک کے دورہ کے موقع پر کہی۔

انہوں نے ڈیجیٹل پارک کا تفصیلی دورہ کیا اور ان کو پاکستان میں آئی ٹی کے نئے رحجانات کے متعلق بریفنگ دی گئی۔گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ یہ ڈیجیٹل پارک فری لانسرز کے علاوہ فرمز اور سرکاری و نجی سطح کے اداروں کیلئے آئی ٹی کی جدید سہولیات فراہم کرتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آئی ٹی اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں مہارت حاصل کئے بغیر ترقی کی منازل طے کرنا ممکن نہیں ہے اور پاکستان میں نوجوان نسل میں بہت ٹیلنٹ موجود ہے اور ہمارے نوجوانوں نے زندگی کے ہر شعبہ میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ نوجوان نسل کو جدید آئی ٹی کی مہارتیں سکھائی جائیں تاکہ وہ عالمی سطح پر موجود مواقع سے فائدہ حاصل کر سکیں۔گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے کہا کہ ڈیجیٹل پارک کا دورہ انکے لئے خوش آئند ہے اور انہیں پاکستان کی آئی ٹی کے شعبہ میں ہونے والی ترقی کے متعلق جان کر خوشی ہوئی ہے حالانکہ اس وقت ہمیں اس شعبہ مزید آگے جانے کی از حد ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئی ٹی ٹیکنالوجی کی خدمات دینے والی کمپنی اپنی سماجی ذمہ داری کی ادائیگی کرتے ہوئے آئی ٹی کے میدان میں سٹوڈنٹس، یونیورسٹیوں اور تعلیمی اداروں کو اپنی خدمات ارزاں نرخوں پر مہیا کرے۔اس موقع پر چیف بزنس آفیسر جاز آصف عزیزنے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ جاز آئی ٹی کے وژن کو آگے بڑھانے کے لئے ہر طرح کی سپورٹ کرنے کے لئے تیار ہے۔