نوازشریف کی قیادت میں ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے لئے کمر کس لی ہے‘شہباز شریف

ہماری توجہ، صلاحیتوں اور اقدامات کا رخ عوام کو مسائل سے نجات دلانے کی طرف تھا، ہے اور رہے گا صدر (ن) لیگ کی زیرصدارت سینئر رہنمائوں کا مشاورتی اجلاس ،نوازشریف کے استقبال کی تیاریوں کاجائزہ

ہفتہ 30 ستمبر 2023 20:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 ستمبر2023ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر و سابق وزیر اعظم شہبازشریف کی زیرصدارت سینئر رہنمائوں کا مشاورتی اجلاس ہوا جس میں پارٹی قائد محمد نوازشریف کی 21 اکتوبر کو وطن واپسی پر استقبال کی اب تک کی تیاریوں کاجائزہ لیاگیا ۔ اجلاس میں مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر و چیف آرگنائزر مریم نواز ، سیکرٹری جنرل احسن اقبال ،نائب صدر حمزہ شہباز ، پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ، سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق ،پرویز رشید ،عطا اللہ تارڑ،ملک محمد احمد خان ،مریم اورنگزیب ملک سیف الملوک کھوکھراور بلال یاسین سمیت دیگر نے شرکت کی ۔

پارٹی رہنمائوں نے اب تک کے انتظامات کے حوالے سے پارٹی صدر کو آگاہ کیا ۔ شہبازشریف نے پارٹی رہنمائوں، عہدیداروں اور کارکنوں کے جذبے کو سراہا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر شہباز شریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف کی قیادت میں ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے لئے کمر کس لی ہے، معاشی اندھیرے مٹانا، عوام کو ریلیف دلانا، یہی نوازشریف کا ایجنڈا ہے، معیشت کی بحالی، قومی اتحاد اور دہشت گردی کا خاتمہ اولین ایجنڈا ہے، ہماری توجہ، صلاحیتوں اور اقدامات کا رخ عوام کو مسائل سے نجات دلانے کی طرف تھا، ہے اور رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا اصل ایجنڈا عوام کو تکلیف سے نکالنا اور ریلیف دینا ہے، نوجوانوں کو روشن مستقبل دے کر پاکستان کا معمار بنانا ہے، انہیں تعلیم یافتہ اور ہنر مند بنانا ہے۔شہباز شریف نے چیف آرگنائزر مریم نواز شریف، دیگر عہدیداروں اور رہنمائوں کو پارٹی کو فعال اور متحرک کرنے پر شاباش دی اور اب تک کے اقدامات کو سراہا ۔ شہبازشریف نے پارٹی رہنمائوں کو تمام تنظیموں کے ساتھ کوآرڈینیشن کو موثر بنانے کی بھی ہدایت کی ۔