نواز شریف کو نااہل کرنے سے پاکستان خراب تر ہوگیا، محمد زبیر

الیکشن میں تاخیر کی حمایت نہیں کریں گے، جنوری کے آخری ہفتے تک الیکشن ہونے چاہئیں،نواز شریف کی واپسی کے راستے میں کوئی کیس رکاوٹ نہیں بنے گا، نجی ٹی وی سے گفتگو

ہفتہ 30 ستمبر 2023 22:05

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 ستمبر2023ء) سینئر لیگی رہنماء محمد زبیرنے کہا ہے کہ نواز شریف کو نااہل کرنے سے پاکستان خراب تر ہوگیا،الیکشن میں تاخیر کی حمایت نہیں کریں گے، جنوری کے آخری ہفتے تک الیکشن ہونے چاہئیں،نواز شریف کی واپسی کے راستے میں کوئی کیس رکاوٹ نہیں بنے گا۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے سابق گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا کہ جاویدلطیف نے صرف ایک بیان دیا تھا،نواز شریف نے نشاندہی کی تھی کہ موجودہ حالات کے ذمہ دار کون ہیں ،آج کل مشکل حالات کیوں ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ 2017میں پاکستان بالکل ٹھیک ٹھاک چل رہا تھا،نواز شریف کو نااہل کیا گیا جس سے پاکستان خراب تر ہوگیا۔انہوں نے کہا کہ ہماری ترجیح معاشی صورتحال کی بہتری ہے، نواز شریف نے 3بار عوام کی خدمت کی ہے،گیلپ کا موجودہ سروے مستند نہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گیلپ سروے میں بلاول اور آصف زرداری کا نام نہیں، میرے خیال میں گیلپ اس سروے کو اوون نہیں کریگا۔

انہوں نے کہا کہ لیول پلیئنگ فیلڈ کا مطلب یہ نہیں کہ کسی کے خلاف کیس ہے تو وہ واپس ہو،ہم بھی سب کیلئے لیول پلیئنگ فیلڈ کاکہیں گے۔انہوں نے کہا کہ جو بھی فیصلے ہوں گے وہ قانون کے مطابق ہوں گے، الیکشن میں تاخیر کی بالکل حمایت نہیں کریں گے، جنوری کے آخری ہفتے تک الیکشن ہونے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی واپسی کے راستے میں کوئی کیس رکاوٹ نہیں بنے گا، قانونی مشیر اس چیز کو یقینی بنائیں گے کہ نواز شریف جیل نہیں جائیں گے۔