جماعت اسلامی کی سوہان میں گھر گھر دستک مہم،عوام کو مایوس نہیں کیا جائیگا،نصراللہ رندھاوا

جماعت اسلامی تمام بنیادی مسائل کا حل جانتی ہے،عوام الیکشن میں جماعت اسلامی کو موقع دیں،ضلعی امیر

ہفتہ 30 ستمبر 2023 22:05

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 ستمبر2023ء) جماعت اسلامی کے زیر اہتمام وفاقی دار الحکومت میں شہریوں کے بنیادی مسائل کے حل ،آئندہ عام انتخابات میں ووٹ کے درست و صحیح استعمال کیلئے یونین کونسل سوہان میں گھر گھر دستک مہم چلائی گئی جس میں دار الحکومت کے باسیوں کو ووٹ میرٹ پر دینے اور مسائل کے حل کیلئے ترغیب دی گئی۔ اس سلسلے میں گزشتہ روز یونین کونسل سوہان میں یو سی امیر گل روز خان کی رہائش گاہ پر مختصر تقریب منعقد کی گئی جس میں جماعت اسلامی کے ضلعی امیر نصر اللہ رندھاوا' قاری نو ر الرحمن سمیت کارکنوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

کارکنوں نے بعد میں خصوصی ٹولیوں میں تقسیم ہوکر وارڈ کی سطح پر گھر گھر دستک مہم چلائی جس میں شہریوں کو جماعت کے منشور کی کاپی اور ووٹ دینے کے حلف نامے پر مشتمل کارڈ زدیئے گئے۔

(جاری ہے)

گھر گھر دستک مہم میں شہریوں نے جو ش و خروش سے حصہ لیا اور نماز عصر سے لیکر نماز عشا تک سینکڑوں شہریوں کو ووٹ دینے اور مسائل کے حل کے حلف ناموں پر مشتمل کارڈز دیئے گئے جن میں شہریوں نے بھرپور شرکت کی ۔

عوام کی اکثریت نے جماعت اسلامی کی قیادت کو ملک کی آ خری امید قرار دیا اور کہا کہ ملک کے مسائل کا حل جماعت اسلامی کے پاس ہے اور باقی تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں نے اقتدار میں آکر عوام و ملک کیلئے کچھ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی تمام جماعتوں کو آ زمایا جا چکا ہے۔ اس بار جماعت اسلامی کو موقع دیا جائیگا۔اس موقع پر جماعت اسلامی اسلام آباد کے امیر نصراللہ رندھاوا نے کہا کہ ہمارے عام کارکن سے لیکر مرکزی آمیر تک کسی پر بھی کرپشن کا الزام تک نہیںلگا ۔ جماعت اسلامی تمام بنیادی مسائل کا حل جانتی ہے اس لئے عوام اس بار آئندہ آنیوالے الیکشن میں جماعت اسلامی کو موقع دیں انہیں مایوس نہیں کیا جائیگا۔