گورننس، بزنس ریگولیشن اور تجارت کے نئے طریقے اپنا کر دو سال میں پیداوار میں 4 فیصد اضافہ کیا جاسکتا ہے، شہزاد علی ملک

اتوار 1 اکتوبر 2023 12:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اکتوبر2023ء) پاکستان ہائی ٹیک ہائبرڈ سیڈ ایسوسی ایشن کے چیئرمین شہزاد علی ملک نے کہا ہے کہ گورننس، بزنس ریگولیشن اور تجارت کے نئے طریقے اپنا کر دو سال میں پیداوار میں 4 فیصد اضافہ اور کاربن اخراج کو کم کیا جاسکتا ہے۔ اتوار کو یہاں مارول کیبلز کے ڈائریکٹر میاں عفان الٰہی آرائیں کے زیر اہتمام ’پاکستان کے لیے کن اصلاحات کی سخت ضرورت ہے‘ کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بہت سی ابھرتی ہوئی مارکیٹوں اور ترقی پذیر معیشتوں کو بلند افراط زر، بڑھتے ہوئے قرضوں، محدود پالیسی فریم ورک اور ادائیگیوں کے توازن جیسے خطرات لاحق ہیں۔

یہ چیلنجز کورونا وبا کے دوران بڑھے اور روس یوکرین جنگ کے باعث مزید شدت اختیار کر گئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سست اقتصادی ترقی اور کمزور طبقات کی مدد کرنے کی محدود صلاحیت کی وجہ سے متعدد ممالک سماجی عدم استحکام دوچار ہیں اور ساتھ ہی ساتھ وہ کاربن کے اخراج کو کم کرنے اور موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کی عالمی کوششوں میں حصہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے چیلنجز پالیسی سازوں کو ترقی کیلئے لازم وسیع معاشی اصلاحات اور سبز انقلاب کے مواقع فراہم کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ترقی کی رفتار کو تیز کرنے کے لیے آئی ایم ایف کی سفارشات شدید معاشی دباو ¿ میں بھی تیزی سے رو بہ عمل لائی جا سکتی ہیں اور یہ اصلاحات ڈیکاربنائزیشن کو آسان بنانے کے لیے کلیدی حیثیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی عدم استحکام، بدعنوانی اور کمزور طرز حکمرانی جیسی ڈھانچہ جاتی رکاوٹیں ابھرتی ہوئی مارکیٹوں اور ترقی پذیر ممالک کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ بن رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کاروبار کھولنے اور چلانے میں آسانی پیدا کرنے کے لیے ضابطے کی غیر ضروری رکاوٹوں کو کم کرنا ایک ایسا شعبہ ہے جس میں بہتری کی خاطر خواہ گنجائش ہے۔ شہزاد علی ملک ستارہ امتیاز نے کہا کہ مختلف ممالک کی کامیابی کا انحصار اس بات پر ہے کہ اصلاحات کو کس طرح ترجیح و ترتیب دی جاتی ہے۔ اقتصادی سرگرمیوں کی راہ میں رکاوٹوں کو دور کرکے اور گورننس و کاروباری ضابطوں کو بہتر بنانے کے لیے اصلاحات، تجارت و غیر ملکی سرمائے تک رسائی پر پابندیوں میں نرمی، ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ اور کارکنوں کی پیداواری صلاحیت کو بڑھا کر تیزی سے مثبت حاصل کئے جا سکتے ہیں۔