پاکستان کی معیشت کو سود سے پاک کرنا جماعت اسلامی کا اہم مشن ہے، امیر جماعت اسلامی سراج الحق

پیر 2 اکتوبر 2023 20:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اکتوبر2023ء) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت کو سود سے پاک کرنا جماعت اسلامی کا اہم مشن ہے، جماعت اسلامی کے پاس گیارہ سو پی ایچ ڈی ماہرین ہیں جو معیشت کے مختلف شعبوں کی منصوبہ بندی پر کام کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

جماعت اسلامی کے سابق ممبر قومی اسمبلی میاں محمد اسلم، جماعت اسلامی اسلام آباد کے امیر نصراللہ رندھاوا، جماعت اسلامی اسلام آباد کے نائب امیر کاشف چوہدری بھی اس موقع پر موجود تھے۔ سراج الحق نے کہا کہ پاکستان کے کل رقبے کا صرف 22 فیصد زیرکاشت لایا جاتا ہے اور اگر ان کی جماعت کو اقتدار ملا تو زرعی طور پر تعلیم یافتہ نوجوانوں کو معاہدہ کر کے لیز پر زمین کاشت کیلئے دی جائے گی تا کہ مزید رقبے کو زیر کاشت لایا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ریاست ہر شہری کو تعلیم فراہم کرنے کی ذمہ دار ہے لہذا عوام کو صحت و تعلیم کی بہتر سہولیات فراہم کرنا ان کی اہم ترجیح ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں میں چھوٹی صنعتوں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی تاکہ عوام کو دیہی علاقوں میں روزگار ملے اور ان کو شہروں کا رخ نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی جماعت ایک پچاس سالہ معاشی پلان پیش کرے گی اور اس کو سکول کے نصاب کا حصہ بنائے گی تاکہ حکومت کی تبدیلی سے معاشی پالیسیاں تبدیل نہ ہوں۔

سراج الحق نے کہا کہ چیمبرز آف کامرس کا پالیسی سازی میں اہم کردار ہے، لہذا حکومت ان کی مشاورت سے معاشی پالیسیاں تشکیل دے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کو مضبوط بنانے میں تاجر برادری کا کلیدی کردار ہے۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے اپنے خطاب میں کہا کہ خواتین کی طرز پر بزنس کمیونٹی کیلئے بھی پارلیمنٹ اور صوبائی اسمبلیوں میں نشستیں مخصوص کی جائیں تاکہ بزنس کمیونٹی کی مشاورت سے معاشی پالیسیاں تشکیل پائیں جس سے معیشت مضبوط ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ امیر جماعت اسلامی سراج الحق تمام سیاسی جماعتوں کو ایک میثاق معیشت پر متفق کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں تا کہ طویل المدتی معاشی پالیسیاں تشکیل دی جائیں اور حکومت کی تبدیلی کے باوجود ان کا تسلسل جاری رہے کیونکہ پالیسیوں میں عدم تسلسل کی وجہ سے کاروباری طبقے اور سرمایہ کاروں کو بہت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ چیمبر کے سینئر نائب صدر فاد وحید، نائب صدر انجینئر اظہر الاسلام ظفر، ظفر بختاوری، میاں اکرم فرید، محمد اعجاز عباسی، اجمل بلوچ اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔