پاکستان امریکن کلچر سینٹر اور آرٹ بیٹ کے اشتراک سے معروف ای این ٹی اسپیشلسٹ و سرجن ڈاکٹر قیصر سجاد کیساتھ شام منائی گئی

میرا مقصد انسانیت کی خدمت کرنا ہے ،بلا تفریق علاج کیا جاتا ہے،پی ایم اے ہو یا اسپتال، کلینک لگن کے ساتھ ڈیوٹی انجام دیتا ہوں،ڈاکٹر قیصر سجاد

پیر 2 اکتوبر 2023 21:15

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اکتوبر2023ء) پاکستان امریکن کلچر سینٹر اور آرٹ بیٹ کے اشتراک سے پی اے سی سی میں معروف ای این ٹی اسپیشلسٹ و سرجن ڈاکٹر قیصر سجاد کے ساتھ شام منائی گئی ،جس میں قیصر سجاد سمیت مقررین نے اظہار خیال کیا،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر قیصر سجاد نے کہا کہ میرے لئیے یہ اعزاز کی بات ہے کہ اتنے بڑے لوگوں کی موجودگی میں تقریب کا انعقاد کیا گیا،میرا مقصد انسانیت کی خدمت کرنا ہے جو کوئی بھی مریض آتا ہے،بلا تفریق علاج کیا جاتا ہے،پی ایم اے ہو یا اسپتال، کلینک لگن کے ساتھ ڈیوٹی انجام دیتا ہوں،مقررین نے ڈاکٹر قیصر سجاد کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے زور دیا کہ قیصر سجاد کی طبی و سماجی خدمات پر انہیں پرائیڈ آف پرفارمنس اورستارا امتیاز سے نوازا گیا،ڈاکٹر ٹیپو سلطان نے قیصرسجاد کی شخصیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ماضی میں ہمیں ایک ہونہار لڑکے کی صورت میں پی ایم اے کو ایک اچھا ممبر ملا،قیصر سجاد کے بارے میں بہت ساری باتیں ہوئی ہیں اور کچھ باتیں ظاہر نہیں کی گئی ہیں،ڈاکٹر قیصر سجاد نے منہ کے کینسر کی روک تھام اور آگاہی و گٹکا ،چھالیہ سے لوگوں کو دور رکھنے کے لئیے اہم کردار ادا کیا ہے،انہوں نے کہا کہ آرٹس کونسل کے عہدیدار کی حیثیت سے بھی اپنی شناخت بنائی ،آرٹس کونسل ممبران کو طبی سہولت فراہم کرنے کے لئیے کلینک قائم کیا،جس سے ہزاروں مریضوں نے طبی سہولت حاصل کی،پی اے سی سی کے صدر اور گورننگ باڈی کے رکن سید مخدوم علی ریاض نے کہا کہ قومی ہیروز کی حوصلہ افزائی اور انہیں خراج تحسین پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہی ہے کہ ان کے اعزاز میںتقریب منعقد کی جائے،پروفیسر ڈاکٹر سراج احمد نے کہا کہ قیصر سجاد بڑے بڑے کام کرتے ہیں ،لیکن وہ جس طرح پی ایم اے کو وقت دیتے ہیں اس کے بعد کہا جاسکتا ہے کہ یہی پی ایم اے ہے،اللہ نے ان کے ہاتھ میں بہت شفادی ہے،ڈاکٹر شیر شاہ نے کہا کہ قیصر سجاد کی سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ وہ کسی بات کا برا نہیں مانتے ،ہم پی ایم اے میں اکثر ان کے فیصلے پر اعتراضات اٹھاتے رہے ہیں،لیکن انہوں نے کبھی اس بات کو انا کا مسئلہ نہیں بنایا،پی ایم اے کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر عبدالغفور شورو نے کہا کہ میں نے پی ایم اے میں ڈاکٹر قیصر سجاد سے بہت کچھ سیکھا ہے،وہ گلے کاٹتے نہیں ،بلکہ گلے ٹھیک کرتے ہیں،ڈاکٹر طارق رفیع نے کہا کہ میرا ڈاکٹر قیصر سجاد سے 40 سالہ پرانا تعلق ہے،وہ کمپرومائز نہیں کرتے،انہیں میں نے ہمیشہ پی ایم اے ہاو س میں موجود پایا،گٹکے ،چھالیہ کے خلاف بھرپور آواز اٹھانے کے علاوہ قیصر سجاد نے کورونا اور 2005 کے زلزلے میں ڈاکٹر کی حیثیت سے ناصرف مریضوں کو علاج و معالجہ کی سہولت فراہم کی ،بلکہ زلزلہ سے متاثر علاقوں میں میں مہینوں قیام کیا،معروف ٹی وی آرٹسٹ ساجد حسین نے کہا کہ ڈاکٹر قیصر سجاد نے جس طرح لوگوں کا علا ج کرتے ہیں اگر دیگر ڈاکٹرز بھی ان کی کاپی کریں تو مریضوں کو فری علاج میسر ہو،ڈاکٹر قیصر سجادمیں ایک خصوصیت کے بھی ہے کہ وہ بہت زیادہ ملنسار ہیں،ڈاکٹر قاضی نے کہا کہ میری قیصر سجاد سے پہلی ملاقات گوادر میں ہوئی تھی تو وہاں پر میڈیکل کیمپ لگا ہوا تھا جہاں پر انہوں نے بہت سارے مریضوں کو چیک آپ کیا،انہوں نے کہا کہ ایک مرتبہ کسٹم حکام نے 300 کنٹینر مضر صحت چھالیہ کے روکے اور یہ چھالیہ انڈونیشیاسے برآمد کی گئی تھی،ڈاکٹر سجاد کی نشاندہی پر یہ چھالیہ پاکستان میں استعمال نہیں ہوسکی اور جب تحقیق کی گئی تو علم ہوا کہ اس چھالیہ سے ہزاروں لوگوں کو منہ کا کینسر ہوسکتا تھا،معروف قانون داں شوکت حیات نے کہا کہ قیصر سجاد نہ صرف اچھے ڈاکٹر ،بلکہ سوشل ورکرز بھی ہیں،وہ اچھی غزلیں اور گانے بھی گاتے ہیں ،ڈاکٹر محبوب نے کہا کہ میری ڈاکٹر قیصر سجاد سے 1973سے شناشائی ہے ہم دونوں نے ایک ساتھ سندھ مدرسہ سے ایف ایس سی کیا تھا اوراس کے بعد آرٹس کونسل آف پاکستان میں ڈاکٹر قیصر سجاد کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا اور وہاں 7سی8 ہزارممبران ہیں ،جنہیں علاج معالجہ کی سہولت فراہم کی جاتی ہے،ڈاکٹر سلیم نے کہا کہ طب کے شعبے میں ڈاکٹر قیصر کی خدمات ہیں اس کے اعتراف میں انہیں پرائڈ آف پرفارمنس ملنا چاہے،ڈاکٹر مرزا علی اظہر نے کہا کہ قیصر سجاد پی ایم اے کو زیادہ وقت دینے کے علاوہ شہر کے مختلف علاقوں کو مریضوں کو بھی پورا وقت دیتے ہیں ،نرگس رحمان نے کہا کہ گلے اورمنہ کا کینسر پاکستان میں خطرناک حد تک پھیل رہا ہے،لیکن اطمینان کی بات یہ ہے کہ ہمارے رمیان قیصر سجاد مسیحا کی صورت میں موجود ہیں،تقریب سے طارق نصیر صدیقی،شگفتہ یاسین،فاروق صدیقی ،مجاہد بریلوی ودیگر نے بھی خطاب کیا،تقریب کے اختتام پر ڈاکٹر قیصر سجاد کو شیلڈ اور گلدستے پیش کئیے گئے۔