نوازشریف واپسی کی بات ہوئی تو پروپیگنڈہ سیل متحرک ہوگیا، عظمیٰ بخاری

جھوٹے سچے سروے کا نتیجہ ووٹ سے ثابت ہوگا‘ کوئی شک نہیں ہونا چاہیے نوازشریف واپس آ رہے ہیں۔ ترجمان مسلم لیگ ن کی پریس کانفرنس

Sajid Ali ساجد علی اتوار 8 اکتوبر 2023 15:41

نوازشریف واپسی کی بات ہوئی تو پروپیگنڈہ سیل متحرک ہوگیا، عظمیٰ بخاری
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 08 اکتوبر 2023ء ) مسلم لیگ ن پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ 21 اکتوبر کو صرف نوازشریف کی واپسی نہیں ہے، یہ پاکستان کی خوشحالی کی واپسی ہے، مشکلات میں گھری عوام کیلیے ایک امید کی واپسی ہے، مسلم لیگ ن خیالی پلاؤ پکانے والی جماعت نہیں ہے، مسلم لیگ ن جو وعدے قوم سے کیے اسے ہمیشہ پورا کیا، ہم نے کبھی نہیں کہا پاکستان کے سارے مسائل چٹکی میں ٹھیک کر دیں گے لیکن عوامی اعتماد کے مطابق جو کہا وہ کرکے دکھایا۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 2018ء میں جو پاکستان کی ترقی کا ڈراپ سین تھا یہ میاں نوازشریف کو نہیں نکالا گیا تھا یہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے خلاف سازش تھی اور آج نواز شریف کی واپسی پر ایک پروپیگنڈہ سیل پھر سے متحرک ہوچکا ہے، معاشی حالات خراب کرنے والے مسلم لیگ ن سے پوچھ رہے ہیں جنہوں نے ملک کو سری لنکا بنانے کی کوشش کی، پی ٹی آئی نے پاکستان کو سری لنکا بنانے کی کوشش کی سری لنکا میں بھی 9 مئی والا واقعہ ہوا تھا۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ ن پنجاب کی ترجمان نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت میں پیٹرول کی قیمتیں فریز کرنے سے ساڑھے چار سو ارب روپے نقصان ہوا تو آج قوم خمیازہ بھگت رہی ہے، وہ فتنہ فساد والا آدمی جب چینی صدر پاکستان آ رہے تھے تو دھرنے میں بجلی کے بل جلائے لوگوں کو کہتا ہنڈی حوالہ سے پیسہ بھیجنا چاہئے، معاشی بدحالی کاشکار لوگ سن لیں شوکت ترین نے ہی آئی ایم ایف کے پروگرام کےلیے عمر ایوب کے ساتھ بیٹھ کر پریس کانفرنس کی اور خدوخال بیان کی، نوازشریف واپسی کی بات ہوئی تو پروپیگنڈہ سیل متحرک ہوگیا وہ بددیانت چور توشہ زکوٰۃ چور فتنہ فساد کو لیڈر بناکر پیش کرتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اب پروپیگنڈہ کرکے کہا جا رہا ہے نوازشریف واپس نہیں آرہے تاکہ منفی مہم چلائی جائے، نوازشریف آمد پر شہباز شریف بھی کہہ چکے اور میں بھی کہہ رہی ہوں شک نہیں ہونا چاہیے نوازشریف واپس آ رہے ہیں، نوازشریف ملک کے اس وقت واحد لیڈر ہیں جو تجربہ کے حساب و ملکی خدمت کے لحاظ سے تین بار وزیراعظم رہے، وقت و حالات کی ستم ظریفی ہے کسی نہ کسی سازش کے تحت نوازشریف کو اقتدار سے باہر نکالا گیا، ایون فیلڈ کی مخلوق جو گاڑیوں کے پیچھے بھاگتے رہے اب وہ بھی پاکستان آئیں اور انقلاب برپا کریں آنکھوں سے نوازشریف کا استقبال اور ملکی ترقی دیکھیں۔