"نوازشریف کا کیس خصوصی نوعیت کا ہے باآسانی حفاظتی ضمانت مل جائے گی"

ایون فیلڈ میں نواز شریف کی اپیل زیر سماعت ہے، پنجاب حکومت نے طبی بنیادوں پر ضمانت کی توثیق کی، سینئر لیگی رہنما کی گفتگو

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری منگل 10 اکتوبر 2023 00:25

"نوازشریف کا کیس خصوصی نوعیت کا ہے باآسانی حفاظتی ضمانت مل جائے گی"
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 09 اکتوبر2023ء) سینئر لیگی رہنما عطا تارڑ نے دعوی کیا ہے کہ نوازشریف کا کیس خصوصی نوعیت کا ہے انہیں باآسانی حفاظتی ضمانت مل جائے گی۔ انہوں نے نجی ٹی وی چینل آج نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایون فیلڈ میں نواز شریف کی اپیل زیر سماعت ہے، پنجاب حکومت نے طبی بنیادوں پر ضمانت کی توثیق کی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ نوازشریف کو اشتہاری قرار دینے کا عمل مکمل نہیں ہوا، قائد ن لیگ کا کیس خصوصی نوعیت کا ہے، نوازشریف کو حفاظتی ضمانت ملنا انہونی نہیں۔

انھوں نے مزید کہا کہ سائفر کیس کی سماعت اوپن کورٹ میں نہیں ہوسکتی، چیئرمین پی ٹی آئی سکیورٹی خدشات کا اظہار کرچکے ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی عدالتوں میں پیش ہونے سے گریز کرتے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

عطا تارڑ نے مزید کہا کہ ن لیگ نے پریس کانفرنس کرکے ریلیف نہیں لیا، سیاسی جماعتوں نے میثاق جمہوریت میں طے کیا کہ ہم استعمال نہیں ہوں گے لیکن استعمال ہونے والے آج جیلوں میں ہیں۔

ادھر سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ نواز شریف کی واپسی سے پہلے ہم ان کی حفاظتی ضمانت لیں گے، نواز شریف کی گرفتاری کا کوئی چانس نہیں ہے، وہ واپس آکر مینارِ پاکستان پر جلسے سے خطاب کریں گے۔ واضح رہے کہ آج اپنے ایک بیان میں نگران وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی گرفتاری اور ضمانت کا معاملہ عدالتوں پر چھوڑ دیں۔

پارلیمنٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم کو جو سیکیورٹی ملتی ہے وہ دیں گے، نواز شریف کی گرفتاری اور ضمانت کا معاملہ عدالتوں پر چھوڑ دیں۔انہوں نے کہا کہ ہر اہم سیاسی سرگرمی کی اجازت ہوگی جس میں نواز شریف بھی آتے ہیں، یہ مفروضوں پر بات ہوگی، عدالتیں طے کریں گی نواز شریف کا اسٹیٹس کیا ہے، نگران حکومت کا کام آئین اور قانون پر عملدرآمد ہے۔