استحکام پاکستان پارٹی نے الیکشن کمپین کیلئے جلسوں کا آغاز کردیا

پہلا جلسہ 28 اکتوبر کو جہانیاں میں ہوگا،مرکزی قائدین پارٹی منشور کا اعلان کریں گے

منگل 17 اکتوبر 2023 11:35

استحکام پاکستان پارٹی نے الیکشن کمپین کیلئے جلسوں کا آغاز کردیا
جہانیاں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اکتوبر2023ء) استحکام پاکستان پارٹی نے الیکشن کمپین کیلئے جلسوں کا آغاز کردیا، پہلا جلسہ 28 اکتوبر کو جہانیاں میں ہوگا،مرکزی قائدین پارٹی منشور کا اعلان کریں گے۔

(جاری ہے)

تفصیل کے مطابق این اے 147 جہانیاںسے استحکام پاکستان پارٹی کے امیدوار نوابزادہ ایاز خان نیازی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان کے استحکام کیلئے کوشاں جماعت استحکام پاکستان پارٹی نے آئندہ الیکشن کیلئے بڑے پاور شو کا لائحہ عمل تشکیل دیا ہے، جس کے تحت پنجاب کے مختلف اضلاع میں جلسے منعقد کئے جائیں گے، جہانیاں کی خوش قسمتی ہے کہ اس سلسلہ کا پہلا جلسہ اس کے حصہ میں آیا، 28 اکتوبر بروز ہفتہ جہانیاں کے کرکٹ اسٹیڈیم میں منعقدہ جلسہ میں جہانگیر خان ترین، علیم خان پارٹی منشور کا اعلان کریں گے، اس موقع پر دیگر پارٹی رہنما بھی عوامی اجتماع سے خطاب کریں گے، ان کا کہنا تھا کہ استحکام پاکستان پارٹی ضلع خانیوال میں جلسوں کی نئی تاریخ رقم کرے گی، جلسہ میں بھرپور عوامی شرکت نہ صرف تکبر کے بت پاش پاش کرے گی بلکہ یہ جلسہ خانیوال کے ساتھ پورے پنجاب کی سیاست کا پانسہ پلٹ کر رکھ دے گا، نوابزادہ ایاز خان نیازی این اے 147 سے جبکہ انکے والد نوابزادہ عبدالرزاق خان نیازی پی پی 209 سے استحکام پاکستان پارٹی کے امیدوار ہوں گے۔