ہوا کا کم دباؤ، بحیرہ عرب میں سمندری طوفان بننے لگا

کم دباؤ شدت اختیار کر کے ڈپریشن میں تبدیل ہوسکتا ہے،محکمہ موسمیات

جمعہ 20 اکتوبر 2023 22:12

ہوا کا کم دباؤ، بحیرہ عرب میں سمندری طوفان بننے لگا
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2023ء) ہوا کے کم دباؤ سے بحیرہ عرب میں سمندری طوفان بننے لگا لیکن پاکستان کے کسی بھی ساحلی علاقے کو فی الحال کوئی خطرہ نہیں۔تفصیلات کے مطابق بحیرہ عرب کے جنوب مغرب میں ہوا کا کم دباؤ موجود ہے، محکمہ موسمیات کے سائیکلون وارننگ سینٹر کا کہنا ہے کہ ہوا کا کم دباؤ شدت اختیار کر کے ڈپریشن میں تبدیل ہوسکتا ہے۔

(جاری ہے)

محکمہ موسمیات نے کہا کہ ہوا کا کم دباؤ کراچی کے جنوب مغرب سے تقریبا 1810 کلومیٹر جبکہ گوادر کے جنوب سے 1750 کلومیٹر کا فاصلے پر موجود ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اس ہوا کے کم دباؤ کی سمت مغرب کی جانب رہی ہے اور بحیرہ عرب میں اس وقت موسمی صورتحال طوفانی سرگرمی کے لیے انتہائی سازگار ہے۔سائیکلون سسٹم نے بتایا کہ سسٹم کے مزید شدت میں اضافے سے ڈپریشن میں تبدیل ہونے کا امکان ہے ، ڈپریشن مغرب شمال مغربی سمت میں عمان یمن کے ساحل کی طرف بڑھے گا لیکن پاکستان کے کسی بھی ساحلی علاقے کے ڈپریشن سے متاثر ہونے کا امکان نہیں ہے۔