جی سی ویمن یونیورسٹی فیصل آباد کے زیر اہتمام فلسطین میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر احتجاجی ریلی اور سیمینار

پیر 30 اکتوبر 2023 18:29

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اکتوبر2023ء) گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی کے زیر اہتمام فلسطین میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر احتجاجی ریلی نکالی گئی۔جس کی قیادت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظل ہما نازلی نے کی، ان کے ہمراہ ممبر کونسل آف اسلامک آئیڈیالوجی این سی ایچ ڈی، سابق ایم این اے ڈاکٹر سمیعہ راحیل قاضی، چیئرمین رفاہ یونیورسٹی فیصل آباد ڈاکٹر مدثر، چیئرمین شعبہ آئی آر جی سی یونیورسٹی فیصل آباد ڈاکٹر غلام مصطفی، کوآرڈ ینیٹر پروفیسر ڈاکٹر عائشہ سمین،پروفیسر ڈاکٹر صائمہ اکرم،ڈ ائریکٹر سٹوڈنٹس افیرز ڈاکٹر اسماءعزیز نے ریلی میں شرکت کی۔

فلسطین میں مسلمانوں کے قتل عام اور مسلم امہ کے کردار پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر سمیہ راحیل قاضی نے کہا کہ فلسطینی اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر اپنے مقصد کے حصول کیلئے ڈٹے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

فلسطین کے شہید حیات جاوداں پا چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ زمانے میں ہمیشہ کامیابی انہی کے حصے میں آتی ہے جو اول دن سے اپنے ساتھ عزم مصمم لے کر چلتے ہیں۔

پروفیسر ڈاکٹر ظل ہما نازلی نے مسئلہ فلسطین کی موجودہ صورتحال اجاگر کرنے پر حاضرین محفل کا شکریہ ادا کیا اور عالمی برادری سے اس گھمبیر مسئلہ کے حل کیلئے سفارش کی۔ ڈاکٹر مدثر نے ایوان میں فلسطین کے حق میں اور اسرائیل کے خلاف مذمتی قرارداد پیش کی جس کو تمام ایوان نے منظورکیا۔ سیمینار اور احتجاجی ریلی میں یونیورسٹی سے اساتذہ اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔اس موقع پر طالبات نے اسرائیلی جارحیت اور فلسطین کی تباہ حالی کے موضوع پر پوسٹر بنا کر اپنے خیالات و جذبات کا اظہاربھی کیا۔