ڈیرہ اسماعیل خان ،دہشتگردوں کاآئل اینڈ گیس کمپنی کے قافلے پر حملہ ، ڈرائیور شہید، ایف سی اہلکار و نجی کمپنی کے ملازمین سمیت11افراد زخمی

پیر 13 نومبر 2023 17:29

ڈیرہ اسماعیل خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 نومبر2023ء) ڈیرہ اسماعیل خان کےضم شدہ قبائلی علاقہ تحصیل درازندہ کے گاؤں کوٹ پالک میں دہشتگردوں کےآئل اینڈ گیس کمپنی کے قافلے پر حملہ میں کمپنی کا ڈرائیور شہید جبکہ ایف سی اہلکار و نجی کمپنی کے ملازمین سمیت11افراد زخمی ہوگئے۔ آئل اینڈ گیس کمپنی کے ملازمین و ایف سی اہلکار پانی بھرنے گاڑیوں میں جا رہے تھے کہ دہشتگردوں نے ان پر اچانک حملہ کردیا، حملے کے نتیجے میں کمپنی کا پرائیویٹ ڈرائیور فیصل موقع پر شہیدہو گیا جبکہ قافلے میں شامل گل شاہ سکنہ خیبرایجنسی ، عبدالقیوم سکنہ خیبرایجنسی ، سید احمد سکنہ خیبرایجنسی ، غریب سکنہ خیبرایجنسی ، عباس سکنہ شنواری ، سلمان سکنہ شنواری ، سپروائزر کمپنی آصف کامران ، ناہید سکنہ خیبرایجنسی ، عرب نور سکنہ خیبرایجنسی ، سہار دین شیرانی ، ایف سی اہلکار شہنشاہ د زخمی ہوگئے۔

(جاری ہے)

ریسکیو1122کے میڈیا کوراڈینیٹر اعزاز محمود کی جاری رپورٹ کے مطابق واقعہ کی اطلاع پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو1122اویس بابر کی ہدایت پر ریسکیو1122کی ایمبولنسز فوراً موقع پر پہنچ گئیں اور شہید و زخمیوں کو فوری طور پر ٹائپ ڈی ہسپتال درازندہ منتقل کردیاجہاں سے 2زخمیوں کو تشویشناک حالت میں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال ڈیرہ منتقل کردیا گیا۔ واقعہ کے بعد پولیس اور سیکورٹی اداروں نے علاقہ کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔\378