شہید بینظیر بھٹو کی صاحبزادی آصفہ بھٹو پارلیمانی سیاست میں انٹری کے لیے تیار

آصفہ بھٹو زرداری کو کشمور کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 191 یا تنگوانی، خانپور کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 192 سے امیدوار لانے پر غور

بدھ 15 نومبر 2023 18:25

جیکب آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 نومبر2023ء) شہید بینظیر بھٹو کی صاحبزادی آصفہ بھٹو پارلیمانی سیاست میں انٹری کے لیے تیار، این اے 191 یا این اے 192سے الیکشن لڑنے کا امکان۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق شہید محترمہ بینظیر بھٹو اور سابق صدر آصف علی زرداری کی صاحبزادی آصفہ بھٹو زرداری پارلیمانی سیاست میں انٹری کے لیے تیار ہے، معتبر ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق آئندہ عام انتخابات میں آصفہ بھٹو زرداری کو پارلیمانی سیاست باقاعدہ شامل کرنے کے لیے الیکشن لڑانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کی قیادت آصفہ بھٹو زرداری کو کشمور کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 191 یا تنگوانی، خانپور کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 192 سے امیدوار لانے پر غور کررہی ہے، آصفہ بھٹو کو ان دو حلقوں میں سے کسی ایک حلقے پر امیدوار کھڑا کئے جانے کا امکان ہے،اس سلسلے میں سینئر صحافی و سیاسی تجزیہ نگار خاوند بخش بھٹی کے مطابق آصفہ بھٹو این اے 191 یا این اے 192 میں سے کسی ایک پر الیکشن لڑسکتی ہے اور اس سلسلے میں پارٹی کے اندر غور کیا جارہا ہے ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ کشمور کے حلقہ این اے 191 سے الیکشن لڑنے کی پیشکش سلیم جان مزاری کی جانب سے کی گئی ہے کیوں کہ اس حلقے میں پیپلز پارٹی کے مدمقابل کوئی مضبوط امیدوار نہیں ہے اس لیے قوی امکان یہی ہے کہ وہ این اے 191 کو زیادہ ترجیح دیں گے۔