مولانا فضل الرحمٰن کی زیر صدارت جے یو آئی (ف) کی مرکزی جنرل کونسل کا 2روزہ اجلاس

پیر 20 نومبر 2023 22:33

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 نومبر2023ء) جمعیت علمائے اسلام (ف) کی مرکزی جنرل کونسل کا دو روزہ اجلاس مفتی محمود مرکز پشاور میں مرکزی امیر مولانا فضل الرحمٰن کی صدارت میں منعقد ہوا۔ پیر کو جے یو آئی کے مرکزی میڈیا سیل سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں مرکزی جنرل سیکرٹری مولانا عبدالغفور حیدری، اکرم خان درانی، مولانا قمر الدین، مولانا فضل علی حقانی، محمد اسلم غوری، مولانا امجد خان لاہوری، مفتی روزی خاں، صوبہ بلوچستان کے امیر مولانا عبدالواسع، جنرل سیکرٹری مولانا محمود شاہ، سندھ سے مولانا عبد القیوم ہالیجوی، مولانا راشد محمود سومرو، پنجاب سے حافظ نصیر احرار، مفتی مظہر اسعدی صوبہ خیبر پختونخوا کے امیر سینٹر مولانا عطاء الرحمن، مولانا عطاء الحق درویش، گلگت بلتستان سے مولانا عطاء اللہ شہاب، آزاد کشمیر کے مولانا سعید یوسف، سینیٹر کامران مرتضیٰ ایڈووکیٹ، سابق سینٹرزحافظ حسین احمد، انجینئر ضیاءالرحمٰن، حافظ حمد اللہ، سابق ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اور ملک بھر سے ارکان مجلس عمومی/جنرل کونسل نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ترجمان جے یوآئی پاکستان اسلم غوری کے مطابق جے یوآئی کی مرکزی مجلس عمومی/جنرل کونسل نے متفقہ طور پر مولانا فضل الرحمان کو آئندہ پانچ سال کے لئے امیر اور مولانا عبدالغفور حیدری کو ناظم عمومی/جنرل سیکرٹری منتخب کرلیا۔ اجلاس میں آئندہ عام انتخابات میں بھرپور حصہ لینے کا اعلان کرتے ہوئے صوبائی تنظیموں کو ہدایت جاری کی گئی کہ 27 نومبر تک قومی و صوبائی اسمبلی کے امیدواروں کے حوالے سے حتمی تجاویز ارسال کریں۔

اجلاس میں ضلعی تنظیموں کو صوبائی جماعتوں کی مشاورت سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا اختیار دے دیا گیا ہے۔ اجلاس میں صوبائی تنظیموں نے صوبوں کی سیاسی صورتحال اور کارگزاری رپورٹس پیش کیں جس پر صوبائی جنرل کونسل نے اطمینان کا اظہار کیا۔ اجلاس میں فلسطین کے مظلوم عوام پر اسرائیل کے مظالم اور آئے روز ہسپتالوں سکولوں اور شہری علاقوں مسلسل بمباری پرگہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے آئندہ جمعہ24 نومبر کو یوم یکجہتی فلسطین منانے کا اعلان کیا اور پاکستان بھر میں فلسطین کے مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلیاں نکالنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ اختتامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جے یوآئی کے امیر مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام 8 فروری کے انتخابات میں حصہ لے گی۔