امجد خان نیازی کے اغواء اور تشدد کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہوں ، عمر ایوب

میانوالی کے سابق ایم این اے امجد خان نیازی نے 3 روز قبل انسداد دہشت گردی کی عدالت میں سرنڈر کیا تھا، سابق وزیر عدالت کے تحفظ میں ہونے کے باوجود زیر حراست افراد کو غیر قانونی طور پر تشدد کا نشانہ بنایا جانا پورے عدالتی نظام کی تضحیک ہے، بیان

جمعرات 23 نومبر 2023 21:34

امجد خان نیازی کے اغواء اور تشدد کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہوں ، عمر ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 نومبر2023ء) پاکستان تحریک انصاف رہنما عمر ایوب نے کہا ہے کہ سابق ایم این اے امجد خان نیازی کے اغواء اور تشدد کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہوں ،میانوالی کے سابق ایم این اے امجد خان نیازی نے 3 روز قبل انسداد دہشت گردی کی عدالت میں سرنڈر کیا تھا۔ اپنے بیان میں عمر ایوب نے کہاکہ امجد خان نیازی نے پولیس اور میڈیا کی موجودگی میں بیان دیا تھا کہ انکے ساتھ پیش آنے والے کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کی ذمہ دار عدلیہ ہوگی۔

(جاری ہے)

عمر ایوب نے کہا کہ امجد خان نیازی کو کل نامعلوم افراد کی جانب سے اغواء کرلیا گیا ہے، امجد خان نیازی کو نامعلوم مقام پر لے جاکر ان پر شدید تشدد کیا گیا۔ انہوںنے کہاکہ امجد خان نیازی کے اغواء اور تشدد کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، عدلیہ کو اس کا فوری نوٹس لینا چاہیے اور مجرمین کی نشاندہی اور احتساب کے لیے انکوائری شروع کرنی چاہیے۔ عمر ایوب نے کہاکہ عدالت کے تحفظ میں ہونے کے باوجود زیر حراست افراد کو غیر قانونی طور پر تشدد کا نشانہ بنایا جانا پورے عدالتی نظام کی تضحیک ہے۔عمر ایوب نے کہاکہ یہ واقعات سماجی بنیادوں کی تباہی اور حکومت کی مکمل ناکامی کی واضح دلیل ہیں ۔