پیپلزپارٹی نے جن منصوبوں کا آغاز کیا تھا وہ مکمل کئے جائیں گے ، خوف و ہراس، ڈر اور بد معاشی کی سیاست اس شہر سے ختم ہو چکی ہے ،بیرسٹر مرتضیٰ وہاب

جمعرات 23 نومبر 2023 22:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 نومبر2023ء) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی نے جن منصوبوں کا آغاز کیا تھا وہ مکمل کئے جائیں گے ، خوف و ہراس، ڈر اور بد معاشی کی سیاست اس شہر سے ختم ہو چکی ہے ، لوگ اتحاد بنانے اور اتحاد توڑنے میں مصروف ہیں، پیپلزپارٹی ہر علاقے میں بلا تفریق کام کر رہی ہے، بلدیہ عظمیٰ کراچی اور ٹاؤنز اپنا کام کر رہے ہیں، بلاول بھٹو کی قیادت میں بہتری کے سفر کو جاری رکھیں گے ،246 ملین روپے کی لاگت سے منظور کالونی کے نالے اور سیوریج لائن کی بحالی کے کام کا آغاز کردیا ہے، کوشش کریں گے کہ مقررہ مدت سے پہلے اس دو کلو میٹر طویل نالے کی تعمیر کو مکمل کرلیں جس سے برسات کے دنوں میں اطراف کی آبادیوں کو سہولت حاصل ہوگی،یہ بات انہوں نے جمعرات کے روز ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد کے ہمراہ منظور کالونی میں برساتی اور سیوریج لائن کی مرمت و بحالی کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر میئر کراچی کے ترجمان کرم اللہ وقاصی، سٹی کونسل میں پیپلزپارٹی کے پارلیمانی لیڈر نجمی عالم، سٹی کونسل میں پیپلزپارٹی کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر دل محمد، چیئرمین چنیسر ٹائون فرحان غنی، وائس چیئرمین ندیم خیالی ، پروجیکٹ ڈائریکٹر اور دیگر افسران و رہنماء بھی موجود تھے، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ختم نبوت چوک سے لے کر ہندو پاڑا تک یہ نالہ تعمیر کیا جارہا ہے، یہ منظور کالونی کے مکینوں کا دیرینہ مسئلہ تھا کیونکہ مون سون کے موسم میں بارشوں کے دوران نالے کے اوور فلو ہونے کی شکایات آئی تھیں، کراچی میگا پروجیکٹ کے تحت اس منصوبے پر کام کا آغاز کیا گیا اور تمام تکنیکی پہلوئوں کو مدنظر رکھتے ہوئے جلد از جلد مکمل کرنے کی حکمت عملی اختیار کی گئی ہے، اس سے قبل کورنگی کازوے کے اوپر نئے برج کا سنگ بنیاد رکھا تھا وہاں بھی برسات کے دنوں میں راستہ بند ہونے کا مسئلہ درپیش تھا، انہوں نے کہا کہ کراچی کے میئر اور ڈپٹی میئر مسلسل شہریوں کی خدمت میں مصروف ہیں، کل میں ضلع وسطی میں موجود تھا اور وہاں کام کر رہے تھے، ہفتے کے روز شیرپاؤ کالونی میں کرکٹ اسٹیڈیم کا افتتاح کرنے جارہے ہیں، ن لیگ کے دوست کالا باغ ڈیم سے متعلق بتائیں ، وزیراعظم شہباز شریف نے کے فور کا پانچویں بار افتتاح کیا ، اکتوبر 2024 میں اس پراجیکٹ کو مکمل ہونا تھا ، بجٹ میں 125 ارب روپے کیوں نہیں رکھے گئے ، جو اچھا کام ہوتا ہے ہم اس کو سراہتے ہیں، ہمارے ناقد جو چاہے کہیں مگر اسی پیپلز پارٹی کی حکومت نے کلک کے ذریعے کراچی کے ہر ٹائون کو 25 کروڑ روپے دینے کا فیصلہ کیا تھا اس میں صرف پیپلز پارٹی کے ٹائون نہیں بلکہ جماعت اسلامی کے 9 اور پی ٹی آئی کے 3 ٹائونز کو بھی یہی رقم مل رہی ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت بلاتفریق کام کرنے اور عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے، وقت آگیا ہے کہ لوگ ان تمام لوگوں سے سوال کریں گے کہ تم نے بڑے بڑے اعلانات کئے تھے اور اب 9 ٹائونز میں تم لوگ آچکے ہو تو بتائو کہ تم کیا کام کر رہے ہو اور کیا مسئلہ حل کر رہے ہیں، پیپلزپارٹی کا ایک ایک نمائندہ عملی میدان میں موجود ہے اور لوگوں کو کام کرتا نظر آرہا ہے، شہر کے مختلف علاقوں میں ہمارے منصوبے چل رہے ہیں اور پیپلز پارٹی کے نمائندے ان کی نگرانی کر رہے ہیں، انشاء اللہ کراچی کے اندر بہتری اور ترقی کا سفر جس کا اعلان بلاول بھٹو زرداری نے کیا تھا اسی طرح جاری رہے گا