ملک میں معاشی اور سیاسی استحکام کا واحد حل الیکشن ہیں: نعیم حسین چٹھہ

جمعہ 24 نومبر 2023 21:52

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 نومبر2023ء) پاکستان کی خالق جماعت پاکستان مسلم لیگ کونسل کے صدر و سابق پارلیمنٹیرین چوہدری نعیم حسین چٹھہ اور وائس چیئر مین چوہدری اختر عباس سمیت دیگر نے کہا ہے کہ ملک میں معاشی اور سیاسی استحکام کا واحد حل الیکشن ہیں۔ الیکشن کے علاؤہ کوئی راستہ موجود نہیں ہے۔ الیکشن صاف اور شفاف ہونگے تو ملک آگے بڑھے گا۔

مسلمان حکمران غزہ میں معصوم بچوں کا قتل عام، بے گوروکفن لاشیں، خاموش ہو کر دیکھتے رہے، امید تھی اسلامی سربراہی کانفرنس اسرائیل کا سفارتی و اقتصادی بائیکاٹ کرے گی، معاملات قراردادوں اور لفظی مذمتوں تک محدود رہے۔ حکمرانوں نے فلسطین کی آزادی کے لیے عملی اقدامات نہ اٹھائے تو امت اور تاریخ انھیں معاف نہیں کرے گی، ان کا نام میر جعفر اور میر صادق والی فہرست میں لکھا جائے گا۔

(جاری ہے)

وہ گذشتہ روز پارٹی کارکنوں سے گفتگو کررہے تھے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں الیکٹیبلز کی سیاست اب ختم ہو چکی ہے،عوام کا شعور اٴْجاگر ہوچکا ہے کہ مفادات کی سیاست کون کر رہا ہے۔ انجنئیر حارث ڈار نے کہا کہ مرکزی مسلم لیگ پاکستان میں عملاً خدمت کی سیاست کرنے والی جماعت ہے۔ جس کے قول و فعل میں کوئی تضاد نہیں ہے۔ لاہور میں سیاسی سرگرمیوں دائرہ کار شماریاتی بلاک کوڈ تک لیکر جارہے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ پوری دنیا میں انسانیت سے ہمدردی رکھنے والے لوگ اسرائیل کے خلاف مظاہرے کر رہے ہیں، کینیڈا کے وزیراعظم کا محاصر ہ کیا گیا، اسرائیل کے لیے اسلحہ لے جانے والے آسٹریلوی جہاز کو روکا گیا، فرانس کی حکومت کو اسرائیل کی اندھا دھند حمایت کی پالیسی ترک کرنا پڑی۔ امت مسلمہ نے بیداری کا حق ادا کر دیاہے۔