پشاور، مانسہرہ کیڈٹ کالج بٹراسی میں 18 واں کل پاکستان کیپٹن محمد عثمان علی شہید (ستارہ بسالت) بین الکلیاتی ذولسانی مقابلہ تقاریر کا انعقاد

اتوار 26 نومبر 2023 19:35

‘"پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 نومبر2023ء) مانسہرہ کیڈٹ کالج بٹراسی میں 18 واں کل پاکستان کیپٹن محمد عثمان علی شہید (ستارہ بسالت) بین الکلیاتی ذولسانی مقابلہ تقاریر کا انعقاد کیا گیا۔جو کہ کالج کے جدید سہولتوں سے آراستہ کیپٹن محمد عثمان شہید آڈیٹوریم میں منعقد ہوا۔ اس تقریب کے مہمان خصوصی مشہور تاریخ دان کرنل ریٹائرڈ اعظم قادری تھے۔

مہمان خصوصی کی تقریب میں آمد پر ان کا شاندار استقبال کیا گیا پھولوں کے گلدستے پیش کیے گئے اور گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ مہمان خصوصی نے پرنسپل کے ہمراہ یادگار شہداء پر پھول چڑھائے اس کے بعد کیپٹن محمد عثمان علی شہید اور تمام شہداء وطن کی مغفرت اور بلندی درجات کی دعا کی گئی۔ اس بین الکلیاتی تقریری مقابلے میں پاکستان سکاؤٹس کیڈٹ کالج بٹراسی کے علاوہ، ملٹری کالج مری، گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور، پاکستان انٹرنیشنل پبلک سکول اینڈ کالج ایبٹ آباد، کیڈٹ کالج وانا، فضل حق کالج مردان، کیڈٹ کالج اوکاڑہ، واپڈاکیڈٹ کالج تربیلا،گریژن کیڈٹ کالج کوہاٹ،پی اے ایف کالج لوئرٹوپہ مری، کیڈٹ کالج چوا سیدن شاہ، کیڈٹ کالج پلندری،کیڈٹ کالج فتح جھنگ، رینجرز کیڈٹ کالج، چکری، آغوش کالج مری، گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج ایبٹ آباد اور کیڈٹ کالج مظفرآبادنے حصہ لیا۔

(جاری ہے)

پرنسپل پروفیسر توقیر الاسلام صاحب نے اپنے خیر مقدمی خطاب میں مہمان خصوصی کی تقریب میں شرکت پران کا شکریہ ادا کیا اور ان کی آمد کو باعث مسرت اور افتخار قرار دیا۔انہوں نے مقابلے میں شریک تمام تعلیمی اداروں کے نمائندہ طلبہ کو خراج تحسین پیش کیا اور کالج کی تاریخ، نصابی اور غیر نصابی سرگرمیوں کا احوال اور مستقبل کے پروگراموں کا ذکر کیا۔

انہوں نے کہا کہ کالج نے قلیل عرصے میں جو کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ وہ کیڈٹس، اساتذہ اور انتظامی امور سے وابستہ افراد کی محنت،اخلاص اور ایک عزم کی عکاس ہیں۔انہوں نے طلبہ کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ آپ مستقبل میں قوم کی قیادت کریں گے اور امید ہے کہ آپ اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے دشمنوں کے عزائم کو خاک میں ملا دیں گے اور پاکستان کوترقی اور خوشحالی کے راستے پر گامزن کرنے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔

پرنسپل نے کیپٹن محمد عثمان علی شہید کی مثالی زندگی کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کیا اور ایسے بہادر سپوتوں کو نوجوانوں کے لیے مشعل راہ قرار دیا۔انہوں نے شہید کیپٹن محمد عثمان علی کو خراج عقیدت پیش کیا۔بین الکلیاتی مقابلے کا پہلا دور انگریزی تقاریر کا تھا جس میں ججزکے فرائض پروفیسررخشندہ سرتاج انگلش ڈیپارٹمنٹ ہزارہ یونیورسٹی، ڈاکٹر محمد جاوید، پرنسپل القرآن بیکن سکول مانسہرہ اور پروفیسر عبیر اسلم نے سر انجام دئیے۔

اس مقابلے میں پہلی پوزیشن واپڈا کیڈٹ کالج تربیلا نے حاصل کی۔ دوسرے نمبرپر پی اے ایف کالج لوئر ٹوپہ مری رہے۔ تیسری پوزیشن گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور نے حاصل کی۔ بین الکلیاتی مقابلے کا دوسرا مرحلہ اردو تقاریر کا تھا جس میں ججز کے فرائض پروفیسرڈاکٹرمحمد رحمان، اردو ڈیپارٹمنٹ ہزارہ یونیورسٹی اور پروفیسر ڈاکٹر سدھیر احمد،اردو ڈیپارٹمنٹ گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج ما نسہرہ اور پروفیسرڈاکٹرمحمدجاوید خان چیئرمین اردو ڈیپارٹمنٹ آزاد جموں کشمیر یونیورسٹی مظفر آباد نے سر انجام دئیے۔

اس مقابلے میں پہلی پوزیشن رینجرز کیڈٹ کالج چکری نے حاصل کی۔ دوسرے نمبر پر کیڈٹ کالج اوکاڑہ جبکہ تیسری پوزیشن کیڈٹ کالج مظفر آباد نے حاصل کی۔ مقابلے میں شریک ہونے والے تمام طلباء کو اعزازی سرٹیفیکٹس اور شیلڈز بھی دی گئیں۔مقابلے کے ججز کے علاوہ مہمان کالجز کے نمائندہ اساتذہ کو شیلڈز سے نوازا گیا۔تقریب ہذا میں کیپٹن محمد عثمان علی شہید کے والدین کی طرف سے بھیجے گئے ویڈیو پیغامات بھی دکھائے گئے اور کیپٹن محمد عثمان علی کی زندگی اور شہادت کے حوالے سے ڈاکومنٹری فلم بھی دکھائی گئی۔

اردو اور انگریزی زبان میں میں منعقد ہونے والے اس بین الکلیاتی تقریری مقابلے میں مجموعی طور پر پہلی پوزیشن گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور نے حاصل کی۔ تقریب کے اختتام پر شرکائے محفل سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی کرنل ریٹائرڈ اعظم قادری نے اس تقریری مقابلے میں کامیاب ہونے والے طلباء کو مبارکباد دی اور ان کی تقاریر کے اعلیٰ معیار کو سراہا۔

معزز مہمان خصوصی نے پاک فوج کی عظیم قربانیوں کے تناظر میں کیپٹن محمد عثمان علی شہید کی شہادت کو شاندار انداز میں سراہا انہوں نے کہا کہ کیپٹن محمد عثمان علی کی شہادت ان کے والدین ملک وقوم اور کیڈٹ کالج بٹراسی کے لیے فخر کا باعث ہے ایسے نوجوان ہی قابل تقلید ہوتے ہیں آج قوم کے نوجوانوں کو کیپٹن محمد عثمان علی جیسے دلیرانہ کردار اور جرأت مندانہ جذبوں کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل اسی نوجوان نسل سے وابستہ ہے انہوں نے کہا کہ وہ کیڈٹ کالج بٹراسی کو نہایت قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ کیونکہ اس ادارے کا اپنا ایک منفرد مقام ہے جو اس نے بڑی جانفشانی سے حاصل کیا ہے۔یہ وہ درسگاہ ہے جہاں سے مستقبل کے عظیم انسان جنم لیں گے اور ایک مینارہ نور بن کر ملک و قوم کا نام روشن کرتے رہیں گے۔ انہوں نے طلبہ کو اپنے مقاصد کے حصول کے لیے مادر علمی سے محبت، اساتذہ کا احترام، مقصد سے لگن، نظم و ضبط اور مسلسل محنت کی تلقین کی۔ بعد میں انہوں نے انعامات حاصل کرنے والے طلباء میں شیلڈز اور ٹرافیاں تقسیم کیں۔ پرنسپل نے مہمان خصوصی کو کالج سوونیئر عطا کیا۔