کمشنر راولپنڈی کا ڈسٹرکٹ ہیڈکواٹر ہسپتال کا دورہ،سیکیورٹی سمیت دیگراقدامات کا جائزہ لیا

منگل 28 نومبر 2023 17:34

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 نومبر2023ء) کمشنر راولپنڈی ڈویژن لیاقت علی چٹھہ نے ڈسٹرکٹ ہیڈکواٹر ہسپتال راولپنڈی کا دورہ کیا اور ہولی فیملی ہسپتال کی ری ومپنگ کی وجہ سے بندش کے باعث پیشنٹ لوڈ شیئرنگ کے تحت کئے جانے والے اقدامات کاُجائزہ لیا۔ اس موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر اعجاز، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر احسان غنی،ایم ایس ڈی ایچ کیو ڈاکٹر فرزانہ و دیگر طبی عملہ بھی وہاں موجود تھا۔

لیاقت علی چٹھہ نے بلڈ بنک، لیبارٹری، آئی سی یو، ڈینگی وارڈ، او پی ڈی، نیورو، سرجری اور آپریشن تھیٹر کا تفصیلی دورہ کیا۔انہوں نے نے سیکورٹی روم کا دورہ بھی کیا جہاں انہوں نے کیمروں کے ذریعے ہسپتال کی سیکورٹی کا جائزہ لیا۔ وارڈز میں داخل مریضوں اور ان کے عزیز و اقارب سے گفتگو کرتے ہوئے کمشنر راولپنڈی نے ہسپتال میں علاج معالجے کی سہولیات اور ادویات و دیگر سہولیات کے بارے میں بھی دریافت کیا۔

(جاری ہے)

جس پر مریضوں اور ان کے عزیز و اقارب نے ہسپتال میں صحت کی سہولیات کو تسلی بخش قرار دیا۔ کمشنر نے ہدایت کی کہ ہولی فیملی میں ہونے والے کام کی وجہ سے مریضوں کا رش بڑھ چکا ہے تاہم اس بات کی یقین دہانی کی جائے کہ اس سے علاج معالجے کی سہولیات ہرگز متاثر نہیں ہوں گی۔ اسکے لئے ڈاکٹرز و پیرا میڈیکل سٹاف کی تعداد کو زیادہ سے زیادہ رکھا جائے تاکہ مریضوں کو کسی تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلی پنجاب کے ویژن کے مطابق عوام کو صحت کی معیاری سہولیات کے لئے کوشاں ہیں جسکے لئے تمام ہسپتالوں کی اپ گریڈنگ جاری ہے تاکہ مریضوں کو سرکاری ہسپتال میں پرائیویٹ سے بہتر طبی سہولیات دیں جائیں۔اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے ایم ایس ڈی ایچ کیو ڈاکٹر فرزانہ نے بتایا کہ او پی ڈی میں روزانہ تقریبا 3000 مریض آتے ہیں۔

ہسپتال میں صحت کے 20شعبہ جات ہیں۔ ہسپتال 560 بیڈ پر مشتمل ہے جس میں دی جانے والی سہولیات کو بہتر سے بہترین کرنے کا عمل جاری ہے۔ہسپتال کے داخلی دروازے اور اسکے ساتھ بنی دوکانوں کو مسمار کرکے وہاں پرانے کیفے ٹیریا اور پولیس چوکی کو منتقل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصدہسپتال کے داخلی دروازے کو چوڑا اور خوبصورت بنانا ہے تاکہ ایمبولینسوں کو شعبہ حادثات اور ایمرجنسی تک بہتر رسائی فراہم کی جاسکے۔

ہسپتال میں کمپیوٹرائزڈ ٹپوگرافی، الٹراسونوگرافی، الیکٹرو کارڈیوگرافی، ڈیجیٹل ریڈیو گرافی کی سہولیات موجود ہیں۔ سیریس مریضوں کو ہنگامی خدمات کی فراہمی بہتر بنانے کے لیے میڈیکل اور سرجیکل ریڈ زون قائم کیے گئے ہیں اسکے علاوہ دو ٹراما رومز (ایمرجنسی مائنر آپریشن تھیٹرز) کو آپریشنل بنایا گیا ہے۔سیوریج سسٹم کو بہتر کرنے اور نکاسی آب کے مسائل کے حل کے لیے 36 انچ بور کی نئی سیوریج لائن بچھائی گئی ہے۔

طویل عرصے سے موجودجنک یارڈز کو صاف کرنے کے بعد مریض کے رجسٹریشن کاؤنٹرز بنائے گئے ہیں۔ سرجری، آرتھوپیڈک، میڈیسن، نیورو سرجری او پی ڈیز اور پیتھالوجی کلیکشن پوائنٹس کو پچھلی ناقص روشنی والی، تنگ راہداریوں (6 فٹ چوڑی) سے نکال کر ہوادار کھلی جگہ پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ماڈیولر آپریشن تھیٹر میں جراثیم سے پاک سپلائی یونٹ نصب کیا گیا ہے تاکہ آلات اور کپڑے کی موثر جراثیم کشی کی جا سکے۔

ایڈمن بلاک، لیبر روم، لیبارٹریز اور بلڈ بینک کو پچھلی راہداریوں کو کھول کر چوڑا کر دیا گیا ہے جس سے زیادہ روشنی اور وینٹیلیشن ہو رہی ہے۔ اسکے علاوہ مردہ خانے کو ہسپتال کے داخلی دروازے سے پیچھے کی طرف منتقل کیا جا رہا ہے تاکہ آسان رسائی یقینی بنائی جا سکے۔ ہسپتال میں بلاتعطل بجلی کی فراہمی کے لئے بھی انتظامات مکمل ہیں۔