سینیٹر حاجی ہدایت اللہ خان کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ہاؤسنگ اینڈ ورکس کا اجلاس

منگل 28 نومبر 2023 19:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 نومبر2023ء) سینیٹر حاجی ہدایت اللہ خان کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ہاؤسنگ اینڈ ورکس کااجلاس پارلیمنٹ لاجز میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ‎فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائیز ہاؤسنگ اتھارٹی کی جانب سے جاری اسکیموں، پراجیکٹس کا معاملہ زیرِ بحث آیا۔ ڈائریکٹر جنرل ایف جی ای ایچ اے نے کمیٹی کو بتایا کہ سال 2020 میں چار پراجیکٹس شروع کیے گئے،کورونا وائرس کی وبا کے بعد ملکی اور بین الاقوامی سطح پر قیمتوں میں بے پناہ اضافہ کی وجہ سے پراجیکٹس پر کام ابھی رکا ہوا ہے۔

ڈی جی نے بتایا کہ چکلالہ ہائٹس اپارٹمنٹس میں 34 فیصد بکنگ کی گئی ہے ۔سینیٹر افنان اللہ خان نے کہا کہ کمیٹی کے سامنے یقینی دہانی کرائی گئی تھی کہ پراجیکٹ پر جلدی کام شروع ہوگا۔

(جاری ہے)

چیئرمین کمیٹی نے استفسار کیا کہ جو 14 کروڑ روپے ایک سال کے بڑھ گئے اس کا ذمہ دار کون ہے؟ ۔ ڈائریکٹر جنرل ایف جی ای ایچ اے نے کمیٹی کو بتایا کہ اب جو نئے ریٹس پر ٹھیکہ دیں گے،سب سے کم ریٹس والوں کو کام دیا جائے گا۔

‎فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائیز ہاؤسنگ اتھارٹی اور پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی (پی ایچ اے) میں بھرتیوں و ترقی کے معاملہ پر ڈی جی ایف جی ای ایچ اے نے کمیٹی کو بریف کیا ۔ کمیٹی کے ممبران نے ایف جی ای ایچ اے کے کاموں میں شفافیت لانے کی ضرورت پر زور دیا جبکہ کمیٹی نے معاملے پر رپورٹ طلب کرلی۔ اِجلاس میں سینیٹر سیف اللہ ابڑو،سینیٹر سیف اللہ سرور خان نِیازی،سینیٹر فلک ناز،سینیٹر خالدہ عطیب،سینیٹربہرہ مند خان تنگی،سینیٹر مُحمدقاسم ، سینیٹر افنان اللہ خان، سینیٹر فدا مُحمد کےعلاوہ وزارتِ ہاوسنگ اینڈ وُرکس کے عہدیداروں نے شرکت کی۔