نوازشریف کو ریلیف ہی ریلیف ہے‘ ان کو لمبا ریلیف ملے گا، شیخ رشید احمد

جو شخص عوام کو بیوقوف سمجھتا ہے وہ خود سب سے بڑا بیوقوف ہے۔ سربراہ عوامی مسلم لیگ کی میڈیا سے گفتگو

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 30 نومبر 2023 12:12

نوازشریف کو ریلیف ہی ریلیف ہے‘ ان کو لمبا ریلیف ملے گا، شیخ رشید احمد
راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 30 نومبر 2023ء ) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کی جانب سے قائد ن لیگ نواز شریف کی بریت پر تبصرہ کیا گیا ہے۔ عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ نوازشریف کو ریلیف ہی ریلیف ہے، ان کو لمبا ریلیف ملے گا لیکن جو شخص عوام کو بیوقوف سمجھتا ہے وہ خود سب سے بڑا بیوقوف ہے۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ ان کا خیال تھا کہ یہ مجھے لال حویلی سے باہر پھینکین گے لیکن عزت اللہ دینے والا ہے، میں نے کسی کو کسی کے ہاتھ کوئی پیعام نہیں بھیجا، میں دسمبر کی 10 تاریخ سے اپنی انتخابی مہم شروع کروں گا، پی ٹی آئی کے کل کے فیصلے سے لگتا ہے انکو بلے کا نشان ملے گا، الیکشن کیلئے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے 8 فروری کی تاریخ مقرر کر رکھی ہے، مجھ سے ایسی بات نہ کہلوائیں کہ 40 دن کا چلہ کاٹنے کے بعد مجھے پھر چلہ کاٹنا پڑے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عدالت نے پنجاب حکومت کو ایک ہفتے کی مہلت دی ہے کہ شیخ رشید کے کیسز کی مکمل رپورٹ جمع کرائیں، 9 مئی کے واقعات میں کسی وڈیو یا مظاہرے میں شریک نہیں تھا، چلہ کاٹنے کے بعد میرا نام 9 مئی کے مقدمات میں ڈالا گیا ہے، جس بندے نے میری گاڑی کی ضمانت دی تھی اس کو بھی اٹھایا گیا۔ علاوہ ازیں سربراہ عوامی مسلم لیگ نے یہ بھی کہا کہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہہ دیا ہے کہ الیکشن ہونے جارہے ہیں، میری کیا اوقات میں الیکشن کے بارے میں کچھ کہہ دوں لیکن عوام میں جذبہ نہیں ہے بلکہ بھوک، ننگ اور مہنگائی ہے، لوگوں نے گھروں کے باہر بجلی بل لٹکائے ہوئے ہیں، عوام نے آٹے کا تھیلا اور بچوں کی فیس بھی گھر کے باہر لٹکائی ہوئی ہے، غریبوں کے حالات زندگی ان کی بس سے باہر ہوگئے ہیں۔

سابق وزیر داخلہ کہتے ہیں کہ میں سکول دور سے الیکشن لڑتا ہوا آرہا ہوں اور الیکشن میں جو جذبہ ہوتا ہے وہ اس بار عوام میں نہیں ہے، میں 10 تاریخ سے الیکشن مہم شروع کررہا ہوں، انتخابات میں میرا اتحاد اللہ کے ساتھ ہے اور اللہ ہی مجھے دونوں سیٹیں جتائے گا اور قلم دوات سے راولپنڈی کی دونوں سیٹیں نکلیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اچھی خبر یہ ہے آج میری آبپارہ میں بھی ضمانت کنفرم ہو گئی ہے، 30 تاریخ کو لاہور ہائیکورٹ روالپنڈی بنچ میں پتا چلے گا کتنے کیسز ہیں، مجھ پر ٹوٹل 68 کیسز بنے ہیں، مجھ پر بنے تمام کیسز جھوٹ پر مبنی ہیں اس لیے اللہ مجھے کامیابی دے گا۔