ساٹھ سالہ حکیم کو بیٹے اور داماد سمیت قتل کر دیا گیا

جمعرات 30 نومبر 2023 22:30

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 نومبر2023ء) پولیس تھانہ شہید گلفت حسین (ہشت نگری) کی حدود میں کامرس کالج روڈ پر دن دیہاڑے تہرے قتل کی واردات کے دوران ساٹھ سالہ حکیم کو جواںسالہ بیٹے اور داماد سمیت فائرنگ کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا گیا ۔ ملزم ارتکاب جرم کے بعد فرار ہو گیا۔تفصیلات کے مطابق جی ٹی روڈ پر قوت گویائی وسماعت سے محروم سکول کے قریب دن دیہاڑے کلینک کے اندر نامعلوم مسلح ملزم نے حکیم، اس کے بیٹے اور داماد کو فائرنگ کرکے قتل کردیا ۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق واقعہ گورنمنٹ شہید اسامہ طاہر اعوان ہائی سکول نانک پورہ اورکامرس کالج کے قریب پیش آیا ہے جہاں نامعلوم ملزم نے کلینک کے اندر گھس کر فائرنگ کی جس سے حکیم محمد سلیم ولد محمد اسد بمعر 60/62سال ساکن رشید آباد ،بیٹا عبد الرحمان اور ان کے داماد عبد الودود اختر ولد اختر علی ساکن ترناب فارم چمکنی جاں بحق ہوگئے ۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ایس ایس پی آپریشنز کاشف آفتاب عباسی سمیت دیگر پولیس افسران اور تفتیشی ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور انہوں نے وقوعہ کا جائزہ لیا۔ پولیس نے نعشوں کو پوسٹمارٹم رپورٹ کیلئے منتقل کیا جبکہ زخمی عبدالودود کو ہسپتال منتقل کیاگیا جہاں وہ بعد میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔