مہمند ڈیم کے لیے دریائے سوات کا رخ موڑنے کا کام رواں کم بہاؤ والے سیزن کے دوران مکمل ہونے کا امکان

جمعہ 1 دسمبر 2023 20:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 دسمبر2023ء) مہمند ڈیم کے لیے دریائے سوات کا رخ موڑنے کا کام رواں کم بہاؤ والے سیزن کے دوران مکمل ہونے کا امکان ہے، مہمند ڈیم منصوبے کے ٹھیکیدار کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اگلے ہائی فلو سیزن سے قبل دریائے سوات کا رخ موڑنے کا کام مکمل کریں۔ ذرائع نے اے پی پی کو بتایا کہ ڈیم کے بائیں اور دائیں حصے اور ڈائیورژن سسٹم کے مختلف اجزاء بشمول ڈائیورژن ٹنلز کے اسپل وے پر کنکریٹ کا کام تیزی سے کیا جا رہا ہے تاکہ ڈائیورژن سسٹم کو بروقت مکمل کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ مہمند ڈیم منصوبے کی مقررہ وقت پر تکمیل کیلئے اہم سنگ میل کا حصول ناگزیر ہے۔ انہوں نے بتایا کہ واپڈا خیبر پختونخوا کے ضلع مہمند میں دریائے سوات پر مہمند ڈیم منصوبہ تعمیر کر رہا ہے جو زراعت کے لیے پانی ذخیرہ کرے گا، سیلاب پر قابو پائے گا، شہری استعمال کے لیے پشاور کو پانی فراہم کرے گا اور سرسبز، صاف اور معاشی طور پر سستی پن بجلی پیدا کرے گا۔

(جاری ہے)

یہ منصوبہ 27-2026 میں مکمل ہونے والا ہے جو 1.29 ملین ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت کے ساتھ مہمند اور چارسدہ میں 18,233 ایکڑ نئی زمین کو سیراب کرے گا جبکہ 160,000 ایکڑ موجودہ زمین کو آبپاشی کی فراہمی میں اضافہ کرے گا۔ منصوبے کی نصب شدہ بجلی کی صلاحیت 800 میگاواٹ ہے اور سالانہ بجلی کی پیداوار 2.86 ارب یونٹ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس منصوبے سے پشاور کو پینے کے لیے روزانہ 300 ملین گیلن پانی بھی فراہم کیا جائے گا۔