بیرسٹر گوہر بلا مقابلہ چیئرمین پی ٹی آئی منتخب

عمر ایوب بلا مقابلہ مرکزی جنرل سیکریٹری، علی امین گنڈاپور تحریک انصاف خیبر پختون خوا اور یاسمین راشد پنجاب کی صدر منتخب

ہفتہ 2 دسمبر 2023 21:58

بیرسٹر گوہر بلا مقابلہ چیئرمین پی ٹی آئی منتخب
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 دسمبر2023ء) بیرسٹر گوہر بلا مقابلہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین منتخب ہو گئے۔ عمر ایوب بلا مقابلہ مرکزی جنرل سیکریٹری، علی امین گنڈاپور تحریک انصاف خیبر پختون خوا اور یاسمین راشد پنجاب کی صدر منتخب ہو گئیں ۔ پی ٹی آئی کے چیف الیکشن کمشنر نیاز اللّٰہ نیازی نے کہا ہے کہ بیرسٹر گوہر خان بلا مقابلہ پی ٹی آئی کے چیئرمین منتخب ہو گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمر ایوب پی ٹی آئی کے بلا مقابلہ مرکزی جنرل سیکریٹری، علی امین گنڈاپور تحریک انصاف خیبر پختون خوا اور یاسمین راشد پنجاب کی صدر منتخب ہو گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان سے منیر احمد بلوچ اور ان کا پورا پینل بلا مقابلہ منتخب ہو گیا جبکہ سندھ سے حلیم عادل شیخ تحریک انصاف کے بلا مقابلہ صدر منتخب ہوئے۔

(جاری ہے)

چیف الیکشن کمشنر پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ اکبر ایس بابر نے مجھ سے اور میری ٹیم سے کوئی رابطہ نہیں کیا، گزشتہ روز میں آفس میں اپنی ٹیم کے ساتھ موجود تھا، اکبر ایس بابر نے ویڈیو بنا کر میڈیا پر جاری کی جسے مسترد کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں 20 دن دیے گئے کہ دوسرا الیکشن کریں، اگلے ہفتے میں عام انتخابات کے لیے شیڈول آرہا ہے، تحریک انصاف کو کسی نہ کسی طریقے سے ان مراحل سے آؤٹ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رولز کے مطابق ریٹرننگ افسر نے مجھے ون پینل لسٹیں دیں، پارٹی نے کسی کو منع نہیں کیا تھا کہ الیکشن میں حصہ نہیں لینا ہے، ہمارے پاس ان نشستوں کے لیے کسی اور امیدوار نے کاغذات نہیں جمع کیے۔ انہو ں نے کہا الیکشن کمشنر نے یہ بھی کہا کہ ایس اکبر بابر صرف ویڈیو بنانے کے لیے آئے کہ لوگوں کو بتاؤں الیکشن ہو رہا ہے، ایس اکبر بابر پارٹی کے ممبر ہیں اور لسٹ میں تھے، انہوں نے ایسے ہی ہائپ بنائی کہ ایسے انٹرا پارٹی انتخابات ہو رہے ہیں۔