پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سرمایہ کاری کے طریقوں پر اتفاق ہوگیا

پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سرمایہ کاری کے طریقوں پر اتفاق سے خلیج تعاون کونسل کے ساتھ آزاد تجارتی معاہدے کی توثیق کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔ نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی کا بیان

Sajid Ali ساجد علی اتوار 3 دسمبر 2023 12:40

پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سرمایہ کاری کے طریقوں پر اتفاق ہوگیا
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 03 دسمبر 2023ء ) نگراں وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سرمایہ کاری کے طریقوں پر اتفاق ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سرمایہ کاری کے طریقوں پر اتفاق سے خلیج تعاون کونسل کے ساتھ آزاد تجارتی معاہدے کی توثیق کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔

نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان اور خلیج تعاون کونسل میں آزاد تجارت کا معاہدہ گزشتہ 19 سالوں سے زیر التواء تھا، اگر منظوری دی جاتی ہے تو یہ جی سی سی کا گزشتہ 15 سالوں میں کسی ملک کے ساتھ پہلا تجارتی اور سرمایہ کاری معاہدہ ہوگا۔ علاوہ ازیں پاکستان اور متحدہ عرب امارات اقتصادی پارٹنرشپ کے نئے دور میں داخل ہو گئے ہیں جس کے انتہائی دورس نتائج ہوں گے، پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان مختلف شعبوں میں اربوں ڈالر کے ایم او یوز معاشی طو رپر گھمبیر مسائل سے دوچار پاکستان کیلئے ہوا کا تازہ جھونکا ہیں، ان خیالات کا اظہار مقررین نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان اربوں ڈالر کے ایم او یوز کے پاکستانی معیشت پر اثرات کے حوالے سے منعقدہ مذاکرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

نامور ماہر اقتصادیات فیض الحق نے کہا کہ پاکستانی قوم کی طرف سے متحدہ عرب امارات کی حکومت اور عوام کو 52ویں قومی دن کی مبارکباد پیش کرتے ہیں، دونوں ممالک کے مابین حالیہ پیشرفت پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان اقتصادی شراکت داری کے ایک نئے دور کا آغاز ہوا ہے، یہ معاہدے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون، علاقائی استحکام اور اسٹریٹیجک تعاون کے ایک نئے دور کی نشاندہی کرتے ہیں۔

آئی ٹی ایکسپرٹ اور متحدہ عرب امارات سمیت دیگر ممالک کو آئی ٹی سروسز ایکسپورٹ کرنے والے رانا تحسین نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کی قیادت نے اپنے ملک کو تجارت، سیاحت اور ٹیکنالوجی کے عالمی مرکز میں تبدیل کر دیا ہے ، پاکستان کو بھی اپنے برادر ملک کی قیادت کے وژن کی پیروی کرنی چاہیے، پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے مزید مواقع بھی موجود ہیں جنہیں بروئے کار لاکر پاکستان اپنی معیشت کو استحکام دے سکتا ہے، متحدہ عرب امارات نے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے میدان میں بڑی کامیابیاں سمیٹی ہیں اور ہمیں برادر ملک سے اپنے دیرینہ تعلقات کی بناء پر استفادہ کرنا چاہیے۔

معروف پاکستانی ٹیک انٹرپرینیور، سرمایہ کار اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سٹارٹ اپس کے سرپرست نعمان سعید نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات نے توانائی، پورٹ آپریشن کے منصوبوں، ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ، فوڈ سکیورٹی، لاجسٹکس، معدنیات اور بینکنگ اور مالیاتی خدمات کے شعبوں سے متعلق مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے، یہ ایم او یوز متحدہ عرب امارات سے پاکستان میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کریں گے اور پاکستان کی خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے مختلف اقدامات کو عملی شکل دینے میں مدد کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو مختلف ممالک سے معاہدوں میں آئی ٹی اور اس کی سروسز کی ایکسپورٹ کو ترجیح دینی چاہیئے جس سے پاکستانی کی برآمدات میں انتہائی قلیل مدت میں اربوں ڈالر کا اضافہ ممکن ہے، پاکستان کو متحدہ عرب امارات کی ترقی پر خوشی ہے اور پاکستانی قوم کی خواہش ہے کہ ہم بھی معاشی طو رپر کامیاب اپنے برادر ملک کی پیروی کریں۔