Live Updates

عمران خان ملک میں الیکشن نہیں صدارتی نظام چاہتے ہیں، پرویز خٹک

پہلے بھی پارٹی میں چار پانچ الیکشن جعلی ہوئے، صرف کاغذی کارروائی تھی، پارٹی میں جمہوریت ہونی چاہیئے۔ سابق وزیراعلیٰ کی گفتگو

Sajid Ali ساجد علی اتوار 3 دسمبر 2023 14:10

عمران خان ملک میں الیکشن نہیں صدارتی نظام چاہتے ہیں، پرویز خٹک
پشاور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 03 دسمبر 2023ء ) پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹرین کے سربراہ پرویز خٹک کہتے ہیں کہ عمران خان ملک میں الیکشن نہیں صدارتی نظام چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پہلے بھی پارٹی میں چار پانچ جعلی الیکشن جعلی ہوئے جو صرف کاغذی کارروائی تھی، پارٹی میں جمہوریت ہونی چاہیئے اور فراڈ الیکشن نہیں ہونے چاہئیں، ہم حلف اٹھاتے ہیں تو عہد کرتے ہیں کوئی راز فاش نہیں کرنا، سائفر لہرا کر عمران خان نے غداری اور آئین کی خلاف ورزی کی، ان پر سائفر کیس میں دہشت گردی کا مقدمہ درج کرنا چاہیے۔

سابق وزیراعلیٰ نے کہا کہ جب عمران خان کی حکومت ختم ہوئی تو ہمارے پاس اکثریت نہیں تھی، انہوں نے سوچا ملک کو نہیں چلنے دوں گا، سابق چیئرمین پی ٹی آئی کا خیال تھا ملک میں انتشار پھیلاؤں گا، ڈیڑھ سال تک انتشار پھیلاتا رہا جس سے ملکی معیشت پرا ثر ہوا، اسمبلی توڑنے کے حق میں کوئی سیاست دان نہیں تھا، عمران خان کو سمجھایا کہ صوبائی اسمبلی نہ توڑی جائے لیکن وہ اپنے آگے کسی کو برداشت نہیں کرتے۔

(جاری ہے)

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پرویز خٹک نے کہا کہ بیرسٹر گوہر کو میں نے پی ٹی آئی میں ڈیڑھ سال پہلے شامل کروایا تھا، ان کی عزت کرتا ہوں وہ میرا وکیل بھی رہا ہے لیکن چیئرمین کیلئے کوئی سینئر رہنما لاتے تو اچھا ہوتا، بیرسٹر گوہر سے سوال کرتا ہوں کہ ان کے پاس پارٹی کارڈ بھی ہے یا نہیں؟ میرے خیال میں ان کے پاس پارٹی کارڈ بھی نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ سربراہ پی ٹی آئی کا نعرہ تھا پارٹی آئین کے مطابق پارٹی چلائیں گے، 2012 انٹرا پارٹی الیکشن نے ایک سال لیا تھا، اس بار تو سب نے تماشہ دیکھا یہ سب جعلی الیکشن ہے، پہلے پارٹی میں شفاف الیکشن کروائے تو جنرل الیکشن کی شفافیت کا سوال کریں، یہ کیسا الیکشن ہے جہاں ووٹر ہے اور نہ کسی کو موقع دیا گیا، لوگوں کی آنکھوں میں دھول جھونکی گئی، اس طرح ڈکٹیشن ہو تو پھر کہاں جمہوریت ہو گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات