مسلم لیگ (ن) میرٹ پر ٹکٹوں کے فیصلے کرے گی، خواجہ سعد رفیق

جماعتوں میں اختلاف رائے ہوتا ہے ،دانیال عزیز نے جو راستہ اختیار کیا ہے اس کی حمایت نہیں کی جا سکتی،سینئرلیگی رہنماکی میڈیاسے گفتگو

اتوار 3 دسمبر 2023 20:40

مسلم لیگ (ن) میرٹ پر ٹکٹوں کے فیصلے کرے گی، خواجہ سعد رفیق
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 دسمبر2023ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) میرٹ پر ٹکٹوں کے فیصلے کرے گی ، ہم لوگوں سے ووٹ لینے جارہے ہیں لیکن پارٹی کے کارکنوںکا حق ہے کہ ہم انہیں بھی سنیں اور فیصلے کریں ، جماعتوں میں اختلاف رائے ہوتا ہے لیکن دانیال عزیز نے جو راستہ اختیار کیا ہے اس کی حمایت نہیں کی جا سکتی ۔

لاہور آفس میں لاہور کے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے حلقوں سے پارٹی ٹکٹ کے خواہشمند امیدواروں کے انٹرویو ز کے بعد سیف الملوک کھوکھر اور خواجہ عمران نذیر کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ہر ڈویژن کے لئے ایک ڈویژنل کمیٹی بنائی ہے تاکہ ابتدائی جائزہ لیا جا سکے ،ہم لاہور کے 7قومی اسمبلی کے اور ان کے ذیلی صوبائی حلقوں کے تمام امیدواروں کو سنا ہے، یہ وہ تمام لوگ ہیں جنہوں نے مسلم لیگ (ن) کے نظریے کیلئے لمبی جدوجہد کی ہے اور صعوبتیں بھی برداشت کی ہیں۔

(جاری ہے)

ٹکٹ کے لئے درخواست دینے والوں میں پارٹی کے کارکنان ہیں، تاجر ہیں ، وکلاء ہیں ، نوجوان بھی آئے ہیں، یہ سلسلہ آج سوموار کے روز بھی جاری رہے گا ، ہم نے لاہور کے حوالے سے ابتدائی جائزہ مکمل کر لیا ہے، یہ جائزہ رپورٹ مرکزی پارلیمانی بورڈ کے سامنے جائے گی ، تمام امیدوار مرکزی پارلیمانی بورڈ کے سامنے بھی جائیں گے جہاں پر جائزہ رپورٹ پہلے موجود ہو گی ۔

انہوں نے کہا کہ دانیال عزیز نے اختلاف کے لئے جو اسلوب اختیار کیا ہے میں اس کی حمایت نہیں کرتا ، جماعتوں میں اختلاف رائے ہو جاتا ہے لیکن اس کو میڈیا میں لانا مناسب نہیں ہے ،اگر آپ کو شکایت ہے تو یہ آپ کا حق ہے آپ پارٹی کی لیڈر شپ سے اس کا اظہار کریں،ہم جماعتی لوگ ہیں اور ڈسپلن کے پابند ہیں ، اختلاف کی آواز کو پارٹی کے اندر ہی رہنا چاہیے ،اگر یہ آواز باہر نکل جاتی ہے تو اس کا وزن نہیں رہتا۔

انہوں نے کہا کہ امیدواروں کے چنائو کے لئے بہترین ایکسر سائز کی جارہی ہے اور حتمی فیصلہ پارلیمانی بورڈ نے کرنا ہے ۔ ہمیں چاہیے کہ لوگوںکوبولنے کا حق دیں ، امیدوار آ رہے ہیں وہ اپنی پارٹی سے وابستگی اور قربانیاں بتا رہے ہیں، ہم کسی فیصلے سے پہلے پارٹی کے لوگوں کو سن رہے ہیں ،ہم لوگوں سے ووٹ لینے جارہے ہیں لیکن یہ ضروری ہے کہ پہلے ہم کارکن کی آواز تو سنیں ، یہ پراسس میرٹ پر ہوگا۔ انہوں نے مفتاح اسماعیل کے حوالے سے کہا کہ وہ میرے دوست ہیں لیکن میرا ان سے کوئی رابطہ نہیں ہے اس لئے کوئی بات نہیںکر سکتا۔