فیضان گلوبل ریلیف فائونڈیشن برطانیہ کے سربراہ نے باوقار'آئوٹ اسٹینڈنگ سٹیزن ایوارڈ 2023' حاصل کرلیا

اتوار 3 دسمبر 2023 22:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 دسمبر2023ء) فیضان گلوبل ریلیف فانڈیشن (ایف جی آر ایف) برطانیہ اور ویلز چیپٹرز کے سربراہ، سید فضیل شاہ نے 60 لاکھ افراد میں سے باوقار 'آئوٹ اسٹینڈنگ سٹیزن ایوارڈ 2023 ' حاصل کر لیا جو انہیں ویسٹ مڈلینڈز پولیس کرائم کمشنر کی جانب سے دیا گیا ہے۔ سید فضیل شاہ گزشتہ 17 سال سے دعوت اسلامی کے ایک نامور رضاکار ہیں اور فیضان گلوبل ریلیف فانڈیشن (ایف جی آر ایف) برطانیہ اور ویلز کے سربراہ ہیں جو55 سے زائد ممالک میں دین اسلام کی خدمت کر چکے ہیں۔

اتوار کو اے پی پی کے ساتھ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے فیضان گلوبل ریلیف فانڈیشن کے سربراہ نے کہا کہ برطانیہ کی حکومت کی جانب سے ہمیں مزید بہت سے تعریفی خطوط موصول ہوئے ہیں۔ انہوں نے ترقی پذیر ممالک میں صاف پانی تک رسائی کی کمی کو دور کرنے کے لیے برطانیہ سے مختلف مہمات کا بھی آغاز کر رکھا ہے۔

(جاری ہے)

ان کی حوصلہ افزائی اور قیادت میں اب تک 3,900 سے زائد فراہمی آب کے منصوبے لگائے گئے ہیں جن سے دنیا بھر میں 500,000 افراد مستفید ہو رہے ہیں۔

انسانی امداد اور آفات میں، سید فضیل شاہ کی قیادت میں فیضان گلوبل ریلیف فائونڈیشن سخت ضرورت مندوں کی مدد کے لیے ہمیشہ پیش پیش ہے۔ جیسے ہی ترکی اور شام کے زلزلوں نے تباہی مچائی، فضیل شاہ اور ان کی ٹیم برطانیہ سے اگلی فلائٹ پر ان لاکھوں متاثرین کی مدد کے لیے نکلے جو زلزلوں سے بری طرح متاثر ہوئے تھے۔ اپنی پہلی تعیناتی کے دوران، سید فضیل شاہ نے عوام کی طرف سے دیے گئے عطیات سے اکیلے مڈلینڈز سے ہزاروں پانڈز کے عطیات جمع کیے اور اسے متاثرین کے لیے ضروری اشیائے خوردونوش، کپڑے،اور دیگر ضروری سہولیات کی خریداری اور شیلٹرز کی فراہمی کے اخراجات پر خرچ کئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ زلزلے کے ابتدائی ہفتوں کے دوران 90,000 سے زیادہ لوگوں کی مدد کی گئی اور انہیں امداد فراہم کی گئی اور اس وقت فیضان گلوبل ریلیف فائونڈیشن کی شاخ ترکی کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ مل کر زلزلے سے متاثرہ افراد کو گھر بنانے کے لیے کنٹینر ہومز فراہم کر رہی ہے۔ پاکستان میں2022 کے سیلاب کے حوالے سے سوال کے جواب میں سید فضیل شاہ نے کہا کہ تباہ کن سیلاب سے متاثرہ افراد کی مدد کے لیے فائونڈیشن کے رضاکار پاکستان مدد کے لیے پاکستان گئے۔

انہوں نے پاکستان کے آفت زدہ علاقوں میں2 بلین گیلن سے زیادہ پانی کو ڈی واٹرنگ کرنے میں مدد کی، بری طرح سے متاثرہ متاثرین کے لیے تقریبا 6,000 سے زائد نئے مکانات کی تعمیر کے لئے فنڈز اکٹھا کرنے اور ان کے انتظام میں مدد کی اور 201,000 سے زیادہ لوگوں کی نقد عطیات سے مدد کی، جبکہ فانڈیشن کا مقصد 10,000 سے زائد گھر بنانا ہے۔ مراکش کے زلزلے کے48 گھنٹے بعد امدادی کارروائیوں میں تعاون شروع کرنے پہنچے اور زلزلے سے متاثرہ ہزاروں افراد کی مدد کی۔

کوویڈ۔ 19 وبائی مرض کے دوران پہلے قومی لاک ڈائون میں بھی فائونڈیشن نے کمیونٹیز کو درپیش چیلنجوں سے نمٹنے میں فعال کردار اداکیا۔ ان کی کوششوں سے مختلف فوڈ بینک قائم کیے گئے اور ویسٹ مڈلینڈز میں5000 سے زیادہ فوڈ پارسل تقسیم کیے گئے۔ ا نہوں نے وبائی مرض کے دوران بہت سے نماز جنازہ کی بھی امامت کی۔ فضیل شاہ کئی سال سے سماجی مسائل سے نمٹنے اور کمیونٹیز میں جرائم کو کم کرنے کے لیے سرکردہ مہمات بھی چلا رہے ہیں۔ ان کی قیادت میں، دعوتِ اسلامی نے مڈلینڈز میں موثر مہمات کا آغاز کیا ہے جسے برطانیہ کے حکام نے سراہا ہے۔