غیرقانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فورسز کی جانب سے راجوری و پونچھ میں بڑے پیمانے پر تلاشی کی کارروائیاں، تین کشمیریوں کو گرفتار کر لیا

پیر 4 دسمبر 2023 17:49

جموں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 دسمبر2023ء) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوج، پولیس اور پیرا ملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے اہلکاروں نے راجوری اور پونچھ اضلاع میں بڑے پیمانے پر محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں شروع کیں ۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فورسز نے دونوں اضلاع کے جنگل کے علاقوں میں کارروائیوں کے دوران کم از کم تین کشمیریوں کو گرفتار کیا ۔

آخری رپورٹ ملنے تک راجوری میں بدھل، تھنہ منڈی، سندر بنی اور کالاکوٹ اور پونچھ کے علاقے مینڈھر کے مختلف علاقوں میں مشترکہ فوجی کارروائیاں جاری تھیں، 22 اور 23 نومبر کور اجوری کے علاقے دھرم سال میں ایک شدید جھڑپ میں دو کپتانوں سمیت 5بھارتی فوجیوں کی ہلاکت کے بعد سے جڑواں اضلاع میں تلاشی کی کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں ۔

(جاری ہے)

ادھرکل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں بین الاقوامی طورپر تسلیم شدہ اپنے حق خودارادیت کا مطالبہ کرنے پر کشمیری عوام کو ڈھائے جانیوالے بھارتی مظالم کی مذمت کی۔

حریت ترجمان نے کہا کہ مقبوضہ علاقے میں تعینات 10 لاکھ سے زائد بھارتی فوجی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں میں ملوث ہیں ۔ انہوں نے واضح کیاکہ مودی کی ہندوتوا حکومت کی جانب سے 05اگست 2019کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی کے بعد سے کشمیریوں پر ڈھائے جانیوالے مظالم میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے۔ غیر قانونی طور پر نظربند کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما شبیر احمد شاہ نے نئی دہلی کی تہاڑ جیل سے جاری ایک پیغام میں بھارتی حکام کی طرف سے حریت چیئرمین مسرت عالم بٹ کو سرینگر میں اپنے سسر کی آخری رسومات میں شرکت کی اجازت نہ دینے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے کشمیری سیاسی نظربندوں کو اپنے عزیزوں کی آخری رسومات میں شرکت کے حق سے بھی محروم کر دیا ہے۔ انہوں نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ بھارتی حکومت کے ظالمانہ رویے کے خلاف اپنی آواز بلند کریں ۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما ایڈووکیٹ دیویندر سنگھ بہل نے جموں میں ایک بیان میں دبئی میں COP28کانفرنس کے موقع پر تنازعہ کشمیر کو اجاگر کرنے پر نگراں وزیر اعظم پاکستان انوار الحق کاکڑ کا شکریہ ادا کیاہے۔

انہوں نے کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق تنازعہ کشمیر کے پرامن حل پر زور دینے پر وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کی تعریف کی۔پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی سربراہ محبوبہ مفتی نے کپواڑہ میں ایک تقریب کے موقع پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے حقوق، وقار اور شناخت کے لیے جدوجہد جاری رکھنے کے اپنی پارٹی کے عزم کا اعادہ کیا۔