پاکستان میں انتخابات ،فرسٹ ورلڈ ڈیموکریسی کے معیار کے عین مطابق منعقد ہوں گے‘کنورمحمد دلشاد

سول سے لیکر ہائی کورٹ تک عدالتوں کی کل تعداد میں اضافہ وقت کی ضرورت ہے‘مشیر وزیر اعلی پنجاب برائے قانون و پارلیمانی امور

پیر 4 دسمبر 2023 17:55

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 دسمبر2023ء) مشیر وزیر اعلی پنجاب برائے قانون و پارلیمانی امور، کنور محمد دلشاد نے کہا ہے کہ پاکستان میں انتخابات، فرسٹ ورلڈ ڈیموکریسی کے معیار کے عین مطابق منعقد کروائے جائیں گے۔ مشیر وزیر اعلی پنجاب ، مقامی ہوٹل میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس تقریب کا اہتمام وزارت قانون، بلوچستان اور بیسٹ ڈپلومیٹ، امریکہ کے اشتراک سے ہوا۔

تقریب کے مقاصد میں اقوام متحدہ کے طے کردہ عالمی اہداف (SDG 2030) کے ہدف نمبر 16 کے عملی نفاذ کی کوششوں کا تفصیلی جائزہ لینا شامل تھا ، ہدف نمبر 16معاشرے میں امن و انصاف کے فروغ، مضبوط اور شفاف اداروں کے قیام اور پائیدار ترقی کے لیے جامع معاشرے کی تشکیل پہ زور دیتا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ عدالتوں میں بہت سے مقدمات زیر سماعت ہیں۔

(جاری ہے)

بدعنوانی ایک اور عنصر ہے جو شہریوں کو انصاف فراہم کرنے میں رکاوٹ ہے۔

ان مسائل پر توجہ دی جانی چاہیے اور عدالتوں کے ماتحتوں/جونیئر عملے کے بدعنوان طرز عمل کو ختم کرنا چاہیے۔ مزید یہ کہ سول سے لے کر ہائی کورٹ تک عدالتوں کی کل تعداد میں اضافہ وقت کی ضرورت ہے۔ اس کے علاوہ، عدالتوں کو مقررہ مدت کے اندر کیس کا فیصلہ کرنے کا پابند ہونا چاہیے۔پاکستان میں ہر حکومت نے شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے ہیں۔

1990 میں غلام اسحاق خان (مرحوم) نے روئیداد خان کی سربراہی میں احتساب کمیشن قائم کیا، تاہم کوئی ٹھوس نتیجہ سامنے نہیں آیا۔ 1996 اور 1999 میں قومی اسمبلیوں کی تحلیل بدعنوانی کے الزامات پر مبنی تھی۔ اس کے باوجود احتساب بیورو نتائج نہیں دے سکا۔انہوں نے کہا کہ پبلک اکانٹس کمیٹیوں کو قومی احتساب بیورو کی تشبیہ پر با اختیار بنایا جاسکتا ہے۔

اس کے لیئے فلپائن کے ماڈل کو ایک مثال کے طور پر لیا جا سکتا ہے جہاں بدعنوانی پر صدر کو گرفتار کر کے سلاخوں کے پیچھے بھیج دیا گیا تھا۔پاکستان میں بلدیاتی نظام مطلوبہ نتائج دینے میں ناکام رہا ہے۔ پاکستان کے آئین کے آرٹیکل 141-A کی روشنی میں نچلی سطح سے پائیدار ترقی کو یقینی بنانے کے لیے لوکل گورنمنٹ سسٹم کو مضبوط کیا جانا چاہیے۔ اس موقع پر انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلی پنجاب، محسن نقوی کی سربراہی میں پنجاب حکومت، عوام کو ریلیف دینے کیلئے دن رات محنت کر رہی ہے۔ پنجاب کی حکومت اپنی کارکردگی کی بنیاد پر ایک مثالی حکومت کے طور پہ سامنے آئی پے جس کا سارا کریڈٹ وزیر اعلی پنجاب کو جاتا ہے۔