سعودی عرب سے ایک اور اشتہاری گرفتار

بہاولنگر پولیس کو مطلوب اشتہاری عبدالغفار واردات کے بعد سعودی عرب فرار ہو گیا تھا

پیر 4 دسمبر 2023 23:03

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 دسمبر2023ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر بیرون ملک مفرور اشتہاری مجرمان کے خلاف کریک ڈاؤن میں تیزی لائی گئی ہے جس کے تسلسل میں سعودی عرب سے ایک اور اشتہاری گرفتار ہو کر وطن واپس پہنچ گیا ہے ۔ بہاولنگر پولیس کو مطلوب اشتہاری عبدالغفار واردات کے بعد سعودی عرب فرار ہو گیا تھا، پنجاب پولیس نے انٹرپول سے ملزم کا ریڈ نوٹس جاری کروایا، مسلسل تعاقب جاری رکھا۔

اشتہاری عبدالغفار بذریعہ انٹر پول سعودی عرب سے گرفتار ہوا اور قانونی مراحل کے تحت وطن واپس پہنچ گیا، بہاولنگر پولیس نے ائیر پورٹ پر اشتہاری عبدالغفار کو حراست میں لے لیا۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ رواں برس بیرون ممالک سے گرفتار ہونے والے اشتہاری مجرمان کی مجموعی تعداد 144 ہو گئی ہے ،ان مجرمان کو امریکہ، برطانیہ، یورپ، افریقہ، سعودی عرب اور خلیجی ممالک سے گرفتار کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انو رنے اے کیٹیگری اشتہاری کو بیرون ملک سے ٹریس کرکے گرفتار کرنے پر پولیس ٹیم کو شاباش دی ہے ۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ قانونی مراحل جلد از جلد مکمل کرکے مجرم کو قرار واقعی سزا دلوائی جائے، آئی جی پنجاب نے مزید کہاکہ سنگین مقدمات میں مطلوب خطرناک اشتہاریوں کی گرفتاری کیلئے کریک ڈاؤن مزید تیز کیا جائے ، ایف آئی اے ، انٹرپول اور دیگر اداروں کے ساتھ باقاعدگی کے ساتھ انفارمیشن شئیرنگ یقینی بنائی جائے ۔