وزیر اعلی محسن نقوی کا تاریخ ساز اقدام،سرمایہ کاروں کی سہولت کیلئے برق رفتار ون ونڈو آپریشن شروع، کابینہ کے ہمراہ بزنس فیسیلیٹیشن سنٹرافتتاح

پیر 4 دسمبر 2023 23:33

وزیر اعلی محسن نقوی کا تاریخ ساز اقدام،سرمایہ کاروں کی سہولت کیلئے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 دسمبر2023ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا تاریخ ساز اقدام،پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار سرمایہ کاروں کی سہولت کیلئے برق رفتار ون ونڈو آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ 20 صوبائی و وفاقی محکمے ایک چھت تلے، 106 این او سیز کا 15 روز میں اجراء کا تیز رفتار نظام متعارف کر ا دیا گیا۔وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے صوبائی کابینہ اور چین و ترکیہ کے قونصل جنرل کے ہمراہ صوبے کے پہلے بزنس فیسیلیٹیشن سنٹر کا افتتاح کر دیا۔

وزیر اعلی محسن نقوی نے سنٹر میں بزنس حب کے آن لائن سسٹم کا بھی باضابطہ آغاز کیااور بزنس فیسیلیٹیشن سینٹر میں قائم صوبائی و وفاقی محکموں کے کاونٹرز کا معائنہ کیا۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے محکموں کی طرف سے فراہم کردہ سہولتوں کے بارے میں معلومات حاصل کیں اور ون ونڈو آپریشن کے پورے نظام کا جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

وزیر اعلی محسن نقوی نے این او سیز کے اجراء کو 30 روز کی بجائے 15 روز میں یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

وزیر اعلیٰ نے اوورسیز پاکستانیوں اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے این او سیز کا اجراء 10 روز میں کرنے کا پلان طلب کر لیا۔ ایل ڈی اے، ٹیپا، واسا اور دیگر محکمے سرمایہ کاروں اور صنعتکاروں کو این او سیز، رجسٹریشن اور سرٹیفکیٹ جاری کریں گے۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے بزنس فیسیلیٹیشن سنٹر میں فراہم کر دہ سہولتوں کو سراہا۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے پنجاب کے پہلے بزنس فیسیلیٹیشن سنٹرکی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کا پہلا بزنس فیسیلیٹیشن سنٹر فنکشنل کرنے کے لئے محکمہ صنعت اور لاہور چیمبرز آف کامرس نے اہم کردار ادا کیا ہے۔

بزنس فیسیلیٹیشن سنٹر بنانے کاپرپوزل محکمہ صنعت اور لاہور چیمبر آف کامرس نے پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ بزنس فیسیلیٹیشن سنٹرمیں ون ونڈو آپریشن کی سہولت میسر ہوگی جس طرح پولیس خدمت مرکز خدمات دے رہے ہیں۔ کاروبار کرنے میں آسانی کے لئے بزنس فیسیلیٹیشن سنٹر میں 20محکمے ہوں گے،106 این او سیز ایک ہی چھت تلے ملیں گے۔ اب بزنس مین بزنس فیسیلیٹیشن سنٹر آئیں گے اور 15دن کے اندر این او سی حاصل کریں گے۔

بزنس فیسیلیٹیشن سنٹر فنکشنل کرنے کا وعدہ مختلف ممالک کے قونصل جنرلز کے ساتھ بھی تھا جو پورا کر دیا گیا ہے۔ بیرون ملک کے سرمایہ کاروں کو این او سیز کے حصول کے لئے بہت مشکل ہوتی تھی۔ بزنس فیسیلیٹیشن سنٹر بیرون ملک کے سرمایہ کاروں کے لئے ایسے ہی خدمات فراہم کرے گا جیسے پاکستانیوں کے لئے خدمات ہونگی۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی اور بیرون ملک کے سرمایہ کاروں کو 15کی بجائے 10دن کے اندر این او سیز مہیا کی جائیں گی۔

فیصل آباد، سیالکوٹ، گوجرانوالہ،راولپنڈی اور ملتان میں 30دن کے اندر 5بزنس فیسیلیٹیشن سنٹر ز فنکشنل کردیئے جائیں گے۔صرف لاہور نہیں باقی شہروں میں بھی بزنس فیسیلیٹیشن سنٹر فنکشنل کیے جائیں گے۔ بزنس مین کو این او سیز کے حصول کے لئے مختلف محکموں کے دھکے کھانے پڑتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ایل ڈی اے ون ونڈو آپریشن اسی طرح خدمات دے رہا ہے، ایل ڈی اے میں بھی ون ونڈو آپریشن جلد فنکشنل ہوجائے گا۔

چیمبر آف کامرس اور سرمایہ کاروں کی آسانی کے لئے بزنس فیسیلیٹیشن سنٹر فنکشنل کر دیا ہے اب فائدہ آپ لوگوں نے خود اٹھانا ہے۔ اہم بات یہ ہے کہ بزنس فیسیلیٹیشن سنٹر کی مانٹیرنگ آپ لوگوں نے کرنی ہے اور جو ایشوز ہوں ان کی نشاندہی کرنی ہے۔تقریب میں ترکیہ کے قونصل جنرل در مش باشتو اور چین کے قونصل جنرل ژاؤ شیرین نے خصوصی طور پر شرکت کی۔

ترکیہ اور چین کے قونصل جنرل نے بزنس فیسیلیٹیشن سنٹر کو سراہا۔ صوبائی وزراء ایس ایم تنویر، عامر میر، اظفرناصر، ڈاکٹر جمال ناصر، ڈاکٹر جاوید اکرم، بلال افضل، ابراہیم مراد،مشیر کنور دلشاد،انسپکٹرجنرل پولیس،سیکرٹریز اور دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود موجود تھے۔ صوبائی وزیر صنعت ایس ایم تنویر اور سیکرٹری صنعت نے ون ونڈو آپریشن کے بارے بریفنگ دی۔