پاکستان کی ترقی بلوچستان کی ترقی سے ہی وابستہ ہے،نگراں وزیر اعلیٰ بلوچستان

اربوں ڈالروں کے مختلف پراجیکٹس کی تکمیل سے مقامی آبادی کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے،علی مردان ڈومکی

پیر 4 دسمبر 2023 21:00

گوادر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 دسمبر2023ء) نگراں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی بلوچستان کی ترقی سے ہی وابستہ ہے، اربوں ڈالروں کے مختلف پراجیکٹس کی تکمیل سے مقامی آبادی کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔ یہ بات انہوں نے پیر کو پاک چین فرینڈ شپ اسپتال اور ڈی سیلینیشن واٹر پلانٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ پاک چین فرینڈ شپ کے تحت گوادر میں جدید ہسپتال کی تعمیر یہاں کے عوام کے لئے کسی تحفے سے کم نہیں ، گوادر کے عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کا بھی ایک دیرینہ مسئلہ درپیش رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈی سیلینیشن پلانٹ کے قیام سے گوادر کے باسیوں کو روزآنہ پانچ لاکھ گیلن پانی میسر آ سکے گا ، پاکستان کی ترقی بلوچستان کی ترقی سے ہی وابستہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی کے لئے ہر سطح پر پوری توجہ مرکوز ہے ،گوادر کو ترقی و خوشحالی کے سفر پر گامزن کرنے کے لئے پر عزم ہیں، اربوں ڈالروں کے مختلف پراجیکٹس کی تکمیل سے مقامی آبادی کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے،گوادر کو بین الاقوامی اہمیت کا حامل شہر بنانے کے لئے پر عزم ہیں ، پاکستان اور چین کی قیادت کی وسعت نظری کے باعث سی پیک نے نمایاں ترقی کی ہے، گوادر بندرگاہ کی تعمیر و ترقی میں کلیدی کامیابیاں ملی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک 2014 سے 2030کا تک بڑا منصوبہ ہے پاکستان اور چین کے درمیان قابل قدر شراکت داری کو مزید پائیدار خطوط پر استوار کیا جائے گا ۔