مولانا امتیازاحمد صدیقی کی زیر صدارت مرکزی علما و مشائخ کونسل آزاد کشمیرکا اجلاس

منگل 5 دسمبر 2023 21:44

مظفرآبا د (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 دسمبر2023ء) مرکزی علما و مشائخ کونسل آزادحکومت ریاست جموں و کشمیر کا اجلاس چیئرمین مولانا امتیاز احمد صدیقی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ وزیر مذہبی امور و اوقاف آزاد کشمیر حافظ محمد احمد رضا قادری ایڈووکیٹ نے بطور مہمان خصو صی اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں سرکاری و غیر سرکاری اراکین کونسل سمیت مختلف مکاتب فکر کے علماکرام اور مشائخ نے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مذہبی امور حافظ محمد احمد رضا قادری نے کہا کہ مزارات پر ہر ممکن ضابطہ اخلاق کو نافذ کرنے کے لیے علماء کرام کے ساتھ مل کر کام کریں گے، حکومت عوامی فلاح کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ علماء کرام زکوةکی ادائیگی کے لیے لوگوں کو وعظ کریں، نظریہ پاکستان کا تحفظ ہر ممکن یقینی بنایا جائے گا، اہل ممبر مثبت کردار ادا کریں گے تو معاشرہ ترقی کی راہ پر گامزن ہوسکے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ علماکرام بجلی بلات کی ادائیگی کے لیے عوام کو قائل کریں۔ آٹے کی سبسڈی مستحقین تک پہنچانے کے لیے بھی علما تبلیغ کریں کہ سبسڈی والا آٹا مستحقین تک پہنچنے دیا جائے۔چیئرمین علماء مشائخ کونسل مولانا امتیاز احمد صدیقی نے فلسطین پر ڈھائے جانے والے اسرائیلی مظالم، آٹے پر جاری سبسڈی کو مستحقین تک پہنچانے ،بجلی بلات کی ادائیگی کے لیے عوام کو واعظ کرنے سمیت بین المسلکی ہم آہنگی اور دیگر امور پر مشتمل ایجنڈہ پیش کیا ۔

انہوں نے اسرائیل جانب سے جاری بربریت کی مذمت کی ۔ انہوں نے وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوار الحق کی جانب سے عوام کے لیے اٹھائے گئے انقلابی اقدامات کو سراہا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری امور دینیہ و اوقاف سردار ظفر محمود خان نے ٹیکنالوجی کی ضرورت اور اہمیت پر زور دیا ۔ ڈائریکٹر جنرل اوقاف حافظ رحمت اللہ نے کہا کہ سہیلی سرکارد ربار میں مسجد کی پرانی جگہ کو بھی محفوظ بنایا جائے گا،دربار کے تقدس اورزائرین کی سہولت کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائینگے۔

اجلاس میں نہتے مظلوم فلسطینیوں پر ہونے والے مظالم کی بھر پور مذمت کی گئی اور آزادکشمیر کے علما کرام آئمہ و خطبا سے اپیل کی گئی کہ وہ اپنے وعظ میں اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ کے حوالے سے عوام کو آگاہ کریں۔ اجلاس میں بین المسلکی ہم آہنگی، دینی اداروں کی بالادستی، محکمہ اوقاف مذہبی امور و تجوید القرآن ٹرسٹ کی بہتری کے لیے بھر پور کردار ادا کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔