بلاول کی زیر صدارت سندھ پارلیمانی بورڈ کا اجلاس، انتخابات کے حوالے سے پارٹی تیاریوں کو تیز کرنے کی ہدایت

منگل 5 دسمبر 2023 22:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 دسمبر2023ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے عام انتخابات کے حوالے سے پارٹی تیاریوں کو تیز کرنے کی ہدایت دی ہے۔میڈیا سیل بلاول ہاوس کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق سندھ پارلیمانی بورڈ کا اجلاس پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں بلاول ہاؤس کراچی میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں پی پی پی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر فریال تالپور بھی پی پی چیئرمین کے ہمراہ تھیں۔

(جاری ہے)

اجلاس میں پی پی سندھ کے پارلیمانی بورڈ نے عام انتخابات میں ٹکٹوں کی تقسیم سے متعلق تجاویز پیش کیں، جبکہ اجلاس نے 27 دسمبر کو ہونے والے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے یوم شہادت کے موقعے پر ہونے والے پروگرام کے انعقاد اور انتظامات کے حوالے سے بھی تجاویز دیں۔اجلاس میں پی پی پی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو،جنرل سیکریٹری سینیٹر وقار مہدی،سیکریٹری اطلاعات عاجز دھامرا،سابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ،ناصر حسین شاہ، سعید غنی،قادر پٹیل،مکیش کمار چاولہ اور نعمان شیخ بھی موجود تھے۔