حکومت موٹر سائیکل رکشہ بند کرنے سے پہلے متبادل روزگار دی: عبدالعزیز عابد

بدھ 6 دسمبر 2023 22:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 دسمبر2023ء) امیر جماعت اسلامی لاہور غربی عبدالعزیز عابد نے کہا ہے کہ موٹر سائیکل رکشہ کی بندش سے لاکھوں غریب بے روزگار ہو جائیں گے، بہت سے یتیموں اور بیوائوں کے چولہے بجھ جائیں گے۔ حکومت پہلے غریبوں ، یتیموں اور بیوائوں کو متبادل روزگار دے پھر موٹر سائیکل رکشہ بند کرے۔ مہنگائی اور بے روزگاری پاکستان کا سب بڑا مسئلہ ہے۔

جماعت اسلامی پاکستان کی واحد جماعت ہے جس کے پاس کرپشن ،مہنگائی، بے روزگاری اور لاقانونیت کے خاتمہ کے لئے بہترین پلان موجود ہے بلکہ پورے پاکستان کے ہر گلی کوچے میںباصلاحیت ، دیانتداراور جذبہ خدمت سے سرشار ٹیم بھی موجود ہے۔لوگ بھوک کا شکار ہیں، اشیاء خوردو نوش قوت خرید سے باہر ہو چکی ہیں بجلی کی قیمت میں آئے دن اضافہ کرکے غریبوں کو جھٹکے دیئے جاتے ہیں، اب گیس بھی مہنگی کرنے کے لئے درخواست جمع کروا دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

جس سے لوگ کا جینا مزید دشوار ہو جائے گا۔جماعت اسلامی نے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لئے یوتھ امپاورمنٹ پروگرام بنو قابل شروع کیا گیا جس میں نوجوانوں کو آئی ٹی اور آن لائن ارننگ کے مفت کورسز کروا کر ان کے قابلیت کے لحاظ سے ان کو ناصرف ملازمت کے مواقع فراہم کئے جائیں گے بلکہ اپنا کاروبار شروع کرنے کے لئے بلا سود قرض بھی دیئے جائیںگے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ٹھوکر نیا ز بیگ چوک میں یوتھ امپاورمنٹ کے پروگرام بنو قابل کے کیمپ کے افتتاح کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس تقریب کے مہمان خصوصی الخدمت فائونڈیشن وسطی پنجاب کے صدر اکرام الحق سبحانی تھیجبکہ کارکنان اور قائدین کی بھی کثیر تعداد موجود تھی۔