بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ سے مزدور اور سفید پوش عوام متاثر ہوگی ،اشرف چوہدری

بدھ 6 دسمبر 2023 23:07

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 دسمبر2023ء) پاکستان مسلم لیگ ق کے رہنما و جنرل سیکرٹری پاکستان مسلم لیگ لیبرونگ پنجاب محمد اشرف چوہدری نے نیپرا کی طرف سے بجلی کی قیمتوں میں3.70روپے فی یونٹ اضافہ اور گیس کے نرخ 137فیصد بڑھانے کی درخواست پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بجلی اور گیس کی قیمتوں میں پہلے ہی ہوشربا اضافہ کیا جاچکا ہے اب ایک بار پھر بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ سے مزدور اور سفید پوش عوام متاثر ہوگی انہوںنے کہا کہ آئی ایم ایف کی شرائط پر عوامی مفاد کو قربان کرکے غریب اور سفید پوش عوام پر اضافی بوجھ ڈالا جارہا ہے جو پہلے ہی ہوشربا مہنگائی کے بوجھ تلے دبا ہوا ہے اب ایک بار پھر اسے قربانی کا بکرا بنایا جارہا ہے اور گیس اور بجلی مہنگی کرکے عوام پر اربوں روپے کا اضافی بوجھ ڈالا جارہا ہے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار پاکستان مسلم لیگ لیبرونگ پنجاب کے جنرل سیکرٹری محمد اشرف چوہدری نے مسلم لیگ ہائوس میں لیبرونگ کے عہدیداران و کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اشرف چوہدری نے کہا کہ سستی بجلی کے حصول کیلئے آئی پی پیز پرانحصار ختم کرکے ان معاہدوں کو ازسر نو کیا جائے اور کالا باغ ڈیم سمیت بڑے آبی ذخائر تعمیر کیے جائیں تاکہ عوام کو سستی بجلی کا حصول ممکن ہوسکے۔

مہنگی بجلی اور گیس کے باعث انڈسٹریز بند اور مزدور بے روزگاری کا شکار ہورہے ہیں جس سے ملکی معیشت متاثر ہوگی ۔اس لیے بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ کا سلسلہ بند کیا جائے اور بجلی گیس مہنگی کرنے کی بجائے سستی کی جائے ۔آئی ایم ایف کے وفد نے بھی نے بھی بجلی کی قیمتوں میں مزید اضافہ روکنے کی ہدایت کی ہے۔اس لیے مہنگی بجلی یونٹس کے باعث بجلی بلوں میں ماہانہ اور سہ ماہی فیول ایڈجسٹمنٹ کا سلسلہ بند کیا جائے اور مزدور اور غریب عوام کو ریلیف دیا جائے۔