Live Updates

العزیزیہ ریفرنس ، معاملہ واپس احتساب عدالت بھیجنے کی استدعا مسترد، کیس میرٹ پر سننے کا فیصلہ

جمعرات 7 دسمبر 2023 18:22

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 دسمبر2023ء) اسلام آباد ہائی کورٹ نے احتساب عدالت کو معاملہ واپس بھیجنے کی استدعا مسترد کر تے ہوئے نواز شریف کے خلاف العزیزیہ ریفرنس میرٹ پر سننے کا فیصلہ کیا ہے۔ جمعرات کو چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے سماعت کی ۔سابق وزیر اعظم نواز شریف اپنی لیگل ٹیم کے ہمراہ کمرہ عدالت میں موجود رہے۔

نواز شریف کے وکلاء اعظم نذیر تارڑ، امجد پرویز اور نیب کی جانب سے وکلاء کی ٹیم روسٹرم پر موجود رہی۔وکیل امجد پرویز نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ 24 دسمبر 2018 کے فیصلے کے خلاف یہ اپیل ہے جس پر چیف جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کہ کیا یہ پانامہ کیس سے متعلق ہے۔امجد پرویز نے عدالت کو بتایا کہ جی یہ پانامہ سے متعلق ہے، پانامہ کیسز میں تین ریفرنسز دائر کیے گئے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مؤقف اپنایا کہ فلیگ شپ ریفرنس میں احتساب عدالت نے نواز شریف کو بری کیا تھا، یہ تینوں ریفرنسز سپریم کورٹ کے ایک ہی حکم نامے کا نتیجہ تھے۔امجد پرویز نے دلائل دیے کہ درخواست گزار کا اعتراض ہے کہ چونکہ ان ریفرنسز میں الزامات آمدن سے زائد اثاثوں سے متعلق ہیں، تو ریفرنس بھی ایک ہی دائر ہونا چاہیے تھا۔انہوںنے کہاکہ ریفرنس میں مجموعی طور پر 22 گواہ تھے، 13 گواہان نے ریکارڈ پیش کیا، گواہان میں سے کوئی بھی چشم دید گواہ نہیں ہے، اس ریفرنس میں صرف 2 گواہان واجد ضیاء اور محبوب عالم لیڈ گواہ ہیں۔

چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ اس ریفرنس میں الزامات کیا تھی جس پر امجد پرویز نے بتایا کہ اس ریفرنس میں آمدن سے زائد اثاثوں کا الزام تھا، العزیزیہ اسٹیل کمپنی پرائیویٹ لمیٹڈ 2001 میں سعودی عرب میں رجسٹر ہوئی۔انہوںنے کہاکہ ہل میٹل اسٹبلشمنٹ 2005، 2006 میں جدہ میں قائم کی جاتی ہے، جو حسین نواز کی ملکیت ہے، یہ تسلیم شدہ حقائق ہیں کہ العزیزیہ کو بیچ کر ہل میٹل اسٹیبلشمنٹ قائم کی گئی۔

امجد پرویز نے دلائل جاری رکھتے ہوئے بتایا کہ نیب کا الزام ہے کہ یہ دونوں کمپنیاں نواز شریف کی بینامی ہیں، نواز شریف کا تعلق ان کمپنیوں کے بینک اکاؤنٹس، آپریشنز سے کبھی نہیں رہا۔امجد پرویز نے کہا کہ ایون فیلڈ میں بچوں کی عمریں کم تھیں، اس ریفرنس میں چارج میں لکھا ہوا ہے کہ حسین نواز کی عمر 28 سال تھی، واجد ضیاء اور محبوب عالم ثابت نہیں کر سکے کہ حسین نواز نواز شریف کے زیر کفالت تھے۔

انہوں نے بتایا کہ یہ کیس پچھلے کیس سے اس لیے بہتر ہے کہ نواز شریف 12 اکتوبر 1999 سے مئی 2013 تک پبلک آفس ہولڈر نہیں تھے۔نیب پراسیکیوٹر نے احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کی ویڈیو کا معاملہ عدالت کے سامنے اٹھا دیا اور نواز شریف کے وکلاء میرٹ پر دلائل دینا شروع کیے، اٴْس سے پہلے ان کی سزا سنانے والے احتساب عدالت کے جج سے متعلق ایک درخواست موجود ہے، اس کو پہلے دیکھ لیں۔

امجد پرویز ایڈووکیٹ نے کہا کہ جی، جج کی ویڈیو کے حوالے سے درخواستیں ہیں، جس پر نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ اس حوالے سے مریم نواز نے بھی پریس کانفرنس کی تھی، معاملہ سپریم کورٹ گیا تھا۔نواز شریف کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ جج ویڈیو اسیکنڈل سے متعلق اپنی درخواست کی پیروی نہیں کریں گے، ہم جج ارشد ملک کی ویڈیو سے متعلق درخواست کو اب پریس نہیں کرنا چاہتے، وہ جج صاحب اب وفات پا چکے ہیں، اس معاملے پر مزید بات کرنا مناسب نہیں رہا۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیے کہ اب یہ آپ کا اختیار ہے کہ آپ جج ارشد ملک کا معاملہ اٹھانا چاہتے ہیں کہ نہیں کیونکہ درخواست تو موجود ہے، ہم یہاں اسکرین لگا دیں گے اور ویڈیو چلا دیں گے لیکن یہ بات یاد رکھیں کہ یہ دو دھاری تلوار بھی ثابت ہوسکتی ہے اب چونکہ ارشد ملک اس دنیا میں نہیں ہیں جس پر وکیل امجد پرویز نے کہا کہ میں اس درخواست کو پریس نہیں کر رہا۔

وکیل امجد پرویز نے جج ارشد ملک سے متعلق سپریم کورٹ کا فیصلہ پڑھ کر سنایا۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے نتیجے میں ہمارے پاس 2 آپشنز ہیں، ایک یہ کہ ہم خود شواہد منگا کر میرٹ پر فیصلہ کردیں، دوسرا یہ کہ ریفرنس کو دوبارہ احتساب عدالت کو ریمانڈ بیک کریں۔چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے اعظم نذیر تارڑ سے مکالمہ کیا کہ اگر آپ کہتے ہیں تو میرٹ پر فیصلہ کردیں گے، ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے، آپ نے ہمیں اپنا فیصلہ بتانا ہے۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا کہ اگر کیس ریمانڈ بیک کر بھی دیتے ہیں، تو نواز شریف ملزم تصور ہوں سزا یافتہ نہیں، ٹرائل کورٹ نے دوبارہ کیس کا فیصلہ کرنا ہو گا۔جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے اعظم نذیر تارڑ سے مکالمہ کیا کہ اگر نیب کا یہی رویہ رہا تو پھر تو آپ کو مسئلہ بھی نہیں ہوگا تو آپ کیوں پریشان ہو رہے ہیں جس پر اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ نواز شریف کے ساتھ پہلے ہی بہت زیادتیاں ہو چکی ہیں، ہماری استدعا ہے کہ یہ عدالت میرٹ پر نواز شریف کی اپیل پر فیصلہ کر دے۔

وکیل نواز شریف اعظم نذیر تارڑ نے دلائل دیے کہ اس سے قبل بھی 2 اپیلوں پر فیصلہ اسی عدالت میں ہو چکا ہے۔وکیل نواز شریف نے عدالت کو بتایا کہ جج ارشد ملک سے پہلے دوسرے جج کیس سن رہے تھے، جب ارشد ملک نے العزیزیہ ریفرنس سننا شروع کیا تو 21 گواہ ہو چکے تھے صرف ایک گواہ رہتا تھا۔لائل دئیے کہ جج ارشد ملک کیونکہ بعد میں آئے اس لیے ٹرائل کے عمل پر کوئی اثر نہیں پڑتا، اب وہ اس دنیا سے جا چکے اس لیے کیس کی پیروی نہیں کرنا چاہتے آپ ہی کیس سنیں۔

اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ ہم اس معاملے میں ہینڈی کیپ ہیں، اب جج صاحب دنیا میں نہیں، اب ہم وہ چیزیں ثابت نہیں کر سکتے جو اس وقت کر سکتے تھے۔نیب نے نواز شریف کے خلاف العزیزیہ ریفرنس کا فیصلہ کالعدم قرار دینے کی استدعا کردی۔نیب پراسیکوٹر نے استدعا کی کہ عدالت فیصلہ کالعدم قرار دیکر ریمانڈ بیک کر دے۔اسلام آباد ہائی کورٹ نے احتساب عدالت کو معاملہ واپس بھیجنے کی استدعا مسترد کردی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے نواز شریف کے خلاف العزیزیہ ریفرنس میرٹ پر سننے کا فیصلہ کیا ہے۔امجد پرویز نے العزیزیہ ریفرنس اپیل کے میرٹ پر دلائل کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ بیٹے نے باپ کو باہر سے بینکنگ چینل کے ذریعے رقم بھجوائی، ہل میٹل اسٹیبلشمنٹ بنانے کے چار سال بعد یہ رقم بھجوائی گئی، 2017 میں حسین نواز کے اکاؤنٹ سے جو رقم آئی وہ ٹیکس ریٹرن میں بھی ظاہر کی گئیں۔

امجد پرویز نے کہا کہ العزیزیہ سٹیل ملز اور ہل میٹل اسٹیبلشمنٹ سے نواز شریف کا کوئی تعلق نہیں، کبھی ان دونوں کمپنیوں کی ملکیت کا دعوی نہیں کیا۔انہوںنے کہاکہ یہ مؤقف سپریم کورٹ، جے آئی ٹی اور ٹرائل کورٹ کے سامنے بھی رکھا، بیٹوں کی طرف سے والد کو باہر سے رقم بھجوانا کوئی جرم نہیں، یہ کہتے ہیں کہ آپ کو جو رقم آئی ہے، تو دراصل آپ اس کے اصل مالک ہیں۔

وکیل امجد پرویز نے دلائل دیے کہ نیب نے نواز شریف کے خلاف سعودی عرب کی آڈٹ فرم کی فوٹو کاپی پر انحصار کیا ہے۔امجد پرویز نے کہا کہ العزیزیہ کمپنی 2001 میں رجسٹر ہوئی، دوسری ہل میٹل 2005 میں رجسٹر ہوئی، ہل میٹل کے مالک حسین نواز شریف ہیں، اس کمپنی سے نواز شریف کا تعلق ثابت کرنے کے لیے کوئی دستاویزی ثبوت پیش نہیں کیا گیا۔امجد پرویز نے عدالت کو بتایا کہ نیب کا سارا کیس نواز شریف کی ان کمپنیوں کی ملکیت ثابت کرنے کا تھا، ان کمپنیوں کے شئیر ہولڈرز حسین نواز شریف، عباس شریف اور ایک خاتون تھی، نواز شریف کا مؤقف یہ تھا العزیزیہ میرے والد میاں شریف نے بنائی تھی جس کے ساتھ ان کا کبھی بھی کوئی تعلق نہیں رہا۔

امجد پرویز نے کہا کہ جے آئی ٹی کا سربراہ جرح میں یہ تسلیم کرتا ہے، العزیزیہ سے نواز شریف کے تعلق کے بارے میں ان کو کوئی دستاویزی ثبوت نہیں ملا،نواز شریف کی فیملی نے 1976 میں دبئی میں گلف اسٹیل ملز لگائی، یہ گلف کی سب سے بڑی اسٹیل ملز تھی، جو دبئی میں لگائی گئی۔وکیل امجد پرویز نے کہا کہ یہ بعد کی بات ہے کہ وہ بعد میں منافع میں رہی یا نہیں۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ مان بھی لیا جائے کہ پراپرٹی نواز شریف کی ہے، پھر بھی چار عناصر پراسکیوشن کو پورے کرنے ہیں، جس پر امجد پرویز نے بتایا کہ چاروں عناصر مسنگ ہیں، نواز شریف پبلک آفس ہولڈر نہیں تھے، جے آئی ٹی کسی کاغذ پر یقین نہیں رکھتی سر، امجد پرویز کے جملے پر کمرہ عدالت میں قہقہے لگ گئے۔نواز شریف نے حسین نواز کی طرف سے سپریم کورٹ میں جمع کرائے گئے دستاویز سے لاتعلقی کا اظہار کیا۔

نیب پراسکیوٹر نے کہا کہ سپریم کورٹ میں ان کی جانب سے یہ ڈاکیومنٹ جمع کروائے گئے،سچائی انہیں ثابت کرنا تھی۔وکیل امجد پرویز نے کہا کہ یہ ڈاکیومنٹ ہم نے نہیں، مقدمے ایک فریق حسین نواز نے سپریم کورٹ میں جمع کرائے تھے۔چیف جسٹس نے کہا کہ یہ ڈاکیومنٹ ہے کیا ہمیں بھی تو دکھائیں جس پر امجد پرویز نے جواب دیا کہ یہ آڈٹ رپورٹ ایک سورس ڈاکیومنٹ تھی۔

اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ آسان لفظوں سر، فیصلہ پنچائیتی ہے، اسے شاہی فیصلہ کہتے ہیں اور ان کے اس جملے پر کمرہ عدالت میں قہقہے بلند ہو گئے۔امجد پرویز نے کہا کہ یہ ٹرائل کورٹ کی بات کررہے ہیں۔چیف جسٹس نے وکیل صفائی سے سوال کیا کہ کیا فوٹو کاپی بطور ثبوت پیش کرنے پر آپ نے اعتراض کیا تھا ۔ امجد پرویز نے جواب دیا کہ لاہور ہائی کورٹ نے فیصلہ دیا کہ آمدن سے زائد اثاثوں کا کیس دائر ہی تب ہو سکتا ہے جب آمدن اور اثاثے کی مالیت کا تقابل موجود ہو۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ اگر اعتراض کیا تھا تو اس پر عدالت نے کیا فیصلہ دیا تھا ۔امجد پرویز نے کہا کہ واجد ضیا نے جرح میں بتایا تھا کہ یہ سورس ڈاکیومنٹ ہے۔نواز شریف کو العزیزیہ کیس میں سزاؤں کے خلاف اپیل کی سماعت میں اقامہ کی دستاویز پر بحث کے دوران چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا العزیزیہ کمپنی کی طرف سے نواز شریف کو قابل ادا تنخواہوں سے متعلق دستاویز مصدقہ ہی ۔

چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا جس شخص نے اٴْس قابل وصول تنخواہ کی دستاویز تیار کی اٴْس نے کسی عدالت میں آ کر اِس کی تصدیق کی ۔ایڈووکیٹ امجد پرویز نے کہا کہ قابل وصول تنخواہ کی دستاویز تیار کرنے والے چارٹرڈ اکاؤنٹ نے کبھی عدالت میں پیش ہو کر تصدیق ہی نہیں کی، سب فوٹو کاپی دستاویز ہے اور ایون فیلڈ اپارٹمنٹ کیس میں عدالت نے فوٹو کاپی دستاویز کو بطور ثبوت ناقابلِ قبول قرار دیا ہے، اس دستاویز کی کوڑ کباڑ سے زیادہ کوئی اہمیت نہیں۔دوران سماعت امجد پرویز نے دلائل مکمل کر لیے اور اب آئندہ سماعت پر نیب وکیل دلائل دیں گے۔العزیزیہ ریفرنس میں سزا کے خلاف اپیل پر سماعت منگل تک ملتوی کردی گئی۔سماعت کے بعد نواز شریف اسلام آباد سے روانہ ہو ئے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات