کراچی، شاپنگ مال میں آتشزدگی کے واقعے کا مقدمہ درج،رہائشیوں کو گھروں میں جانے کی اجازت

عرشی شاپنگ مال میں آتشزدگی کے واقعے کا مقدمہ جوہرآباد تھانے میں سرکاری مدعیت میں درج کرلیا گیا

جمعرات 7 دسمبر 2023 22:55

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 دسمبر2023ء) کراچی میں عرشی شاپنگ مال میں آتشزدگی کے واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا جبکہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی ای)نے فلیٹس کو کلیئر قراردے کر رہائشیوں کو گھروں میں جانے کی اجازت دے دی ہے۔کراچی کے علاقے عائشہ منزل کے قریب عرشی شاپنگ مال میں آتشزدگی کے واقعے کا مقدمہ جوہرآباد تھانے میں درج کرلیا گیا۔

ایس ایس پی فیصل عبداللہ چاچڑ کے مطابق مقدمہ سرکاری مدعیت میں درج کیا گیا، تفتیشی ٹیم آتشزدگی کے وجہ کا تعین کرے گی، آتشزدگی کے ذمہ داروں کا تعین بھی کیا جائیگا۔سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی ای)ٹیم نے معائنے کے بعد ڈپٹی کمشنر کو رپورٹ جمع کرادی۔رپورٹ میں بلڈنگ کے فرسٹ فلور سے فورتھ فلور تک کو کلئیر قرار دیا گیا ہے، جس کے بعد ڈپٹی کمشنر سینٹرل نے رہائشیوں کو اپنے فلیٹ میں داخل ہونے کی اجازت دے دی۔

(جاری ہے)

اس سے قبل کراچی کے علاقے عائشہ منزل کے قریب عرشی شاپنگ مال میں گزشتہ روز آگ لگنے کے بعد فلیٹس کے رہائشی مشکلات کا شکار ہیں، عمارت خالی کرانے کے بعد مکین سڑکوں پر موجود ہیں تاہم حکام نے متاثرین کو اپنے گھر سے ضروری سامان نکالنے کی اجازت دے دی۔حکام نے کہا کہ 2 فیملیز ریسکیو حکام کی نگرانی میں عمارت میں جاسکتی ہیں، متاثرین اپنے گھر سے قیمتی سامان نکال سکتے ہیں۔

رہائیشیوں نے کہاکہ دکانیں رہائشی فلیٹس سے الگ ہے، آتشزدگی سے فلیٹس کو کوئی نقصان نہیں ہوا، انڈر گرائونڈ پارکنگ میں گاڑیاں موجود ہیں، 4 منزلہ عمارت میں72 فلیٹس ہیں۔دوسری جانب فائربریگیڈ حکام نے بتایا کہ عرشی مال میں دوبارہ آگ کی کوئی اطلاع نہیں ہے، گاڑیاں وہاں موجود ہیں کولنگ کا عمل جاری ہے، 2 گاڑیاں عرشی مال کے باہر موجود ہیں۔