Live Updates

نئی حلقہ بندیوں پر مسلم لیگ ن کا بھی اعتراض، عدالت جانے کا اعلان

نئی حلقہ بندیوں کے حوالے سے الیکشن کمیشن گئے لیکن بات نہیں سنی گئی لیکن اب لاہور ہائی کورٹ میں ان کو چیلنج کر رہے ہیں، سعد رفیق

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری جمعہ 8 دسمبر 2023 00:40

نئی حلقہ بندیوں پر مسلم لیگ ن کا بھی اعتراض، عدالت جانے کا اعلان
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 07 دسمبر 2023ء ) نئی حلقہ بندیوں پر مسلم لیگ ن کا بھی اعتراض، عدالت جانے کا اعلان کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ نئی حلقہ بندیوں کے حوالے سے الیکشن کمیشن گئے لیکن بات نہیں سنی گئی لیکن اب لاہور ہائی کورٹ میں ان کو چیلنج کر رہے ہیں۔ سعد رفیق نے الیکشن میں تاخیر کو بھی مسترد کرتے ہوئےکہا کہ بدترین حالات میں بھی الیکشن لڑے، الیکشن ایک سکینڈ کی تاخیر کے بغیر 8 فروری کو ہی ہونے چاہئیں۔

سعد رفیق نے کہا کہ جب الیکشن کا شیڈول آئے گا تو الیکشن کا ماحول بنے گا، ابھی حلقہ بندیوں کے مسائل چل رہے ہیں،سینٹ کے الیکشن مارچ میں ہیں اس لیئے تاخیر نہیں ہو سکتی، بلدیاتی اداروں کو آئین کے اندر تحفظ ملنا چاہیئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان جہاں سے گزر رہا ہے یہ عارضی ریلیف ہے، جب تک منتخب حکومت نہیں آئے گی معیشت ٹھیک نہیں ہو سکتی۔

منتخب حکومت آتی ہے تو عالمی ادارے بھی اسے سنجیدہ لیتے ہیں۔ انوکھا لاڈلا کہتا تھا کسی سے بات نہیں کرنی۔پی ٹی آئی نے پندرہ سال سوشل میڈیا پر لگائے۔عمران خان نے سیاسی براداری سے تعلقات نہیں بنائے۔انہوں نے کوئی گھر یا سیاسی جماعت نہیں چھوڑی جو ان سے ہمدردی کا اظہار کریں۔ہم نے انہیں نہیں کہا تھا کہ جا کر 9 مئی کر دیں۔ قبل ازیں خواجہ سعد رفیق نے اپنے علاقے کی حلقہ بندی چیلنج کرنے کا اعلان کیا تھا۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ 2018 میں عمران خان کو جتوانے کے لیے میرے حلقے کے ٹکڑے کرکے مسلم لیگ ن کے زیر اثر دیہاتی علاقوں اور صدر کو نکال دیا گیا اور اس باربھی میرے حلقہِ انتخاب کے غیر فطری ٹکڑے کیے گئے ہیں، والٹن کینٹ بورڈ کوقومی اسمبلی کے 4 حلقوں میں بانٹ دیا گیا۔ سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمارے مضبوط دلائل اور زمینی جقائق قبول نہیں کیے گئے، الیکشن کمیشن نے ہمارے اعتراضات کو غلط مسترد کیا، جس کے خلاف ہائیکورٹ میں اپیل کریں گے اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کی حلقہ بندی کو چیلنج کریں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات