جب تک دو خاندان ہیں پاکستان ترقی نہیں کر سکتا، سراج الحق

مجھے پی ڈی ایم کا ساتھ دینے کا کہا گیا، جب میں نے پوچھا سب نے مل کر حکومت بنانی ہے تو ایجنڈا کیا ہے؟ تو بتایا گیا ہمارا مقصد صرف اقتدار میں آنا ہے، امیر جماعت اسلامی

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری جمعہ 8 دسمبر 2023 23:16

جب تک دو خاندان ہیں پاکستان ترقی نہیں کر سکتا، سراج الحق
ملتان (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 08 دسمبر 2023ء) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ اقتدار میں آنے کے بعد نیب سے کیسز ختم کروائے گئے، اقتدار میں آنے والے جیت گئے اور عوام ہار گئے، پاکستان کو 2 خاندانوں نے یرغمال بنایا ہوا ہے، یہ اقتدار میں آ کر ایک دوسرے کو گھسیٹنے کی بات کرتے ہیں۔ انہوں نے ملتان میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے پی ڈی ایم کا ساتھ دینے کا کہا گیا، جب میں نے پوچھا سب نے مل کر حکومت بنانی ہے تو ایجنڈا کیا ہے؟ تو بتایا گیا ہمارا مقصد صرف اقتدار میں آنا ہے۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان نے کہا کہ اگر الیکشن جیت گئے تو گورنر ہاؤس ختم کر کے تعلیمی ادارے بنائیں گے، گورنر اور وزیر اعظم کیلیے 10 مرلہ سے زیادہ کا گھر نہیں ہونا چاہیے۔

(جاری ہے)

سراج الحق نے کہا کہ اب یہ لاڈلے اور سپر لاڈلے میں مقابلہ چاہتے ہیں، 8 فروری کرپٹ قیادت کا یومِ حساب ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ معیشت کمزور ہونے کی وجہ سے حالات خراب ہیں، 10 کروڑ پاکستانی غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں، انصاف کی عدم فراہمی کی وجہ سے بھی حالات اچھے نہیں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک پر حکمرانی کرنے والوں کا احتساب ہونا چاہیے، حکمرانوں نے اداروں کو یرغمال بنایا، قوم 8 فروری 2024 کو تمام جماعتوں کا احتساب کرے۔