شیخوپورہ میں غیر معیاری رکشہ اور لوڈر رکشہ بنانے والی 2 فیکٹریاں سیل

Akhtar Rasool Janjua اختر رسول جنجوعہ جمعہ 15 دسمبر 2023 12:15

شیخوپورہ (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 15 دسمبر 2023ء ) ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ ڈاکٹر وقار علی خان کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ شیخوپورہ کے متعلقہ ادارے غیر معیاری رکشہ اور لوڈر رکشہ بنانے والوں کے خلاف متحرک ۔ انسانی جانوں کیلئے غیر محفوظ سواری و لوڈر رکشے بنانے والوں کے خلاف شیخوپورہ میں کریک ڈاؤن جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر وقار علی خان کی ہدایت پر سیکرٹری ٹرانسپورٹ اتھارٹی شیخوپورہ اقصی ریاض نے شیخوپورہ کے مختلف علاقوں میں قائم غیر قانونی سواری و لوڈر رکشہ باڈی بنانے والی 2 معروف فیکٹریوں کو سیل کر دیا۔

ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر وقار علی خان کا کہنا ہے کہ بغیر لائسنس اور منظوری سواری و لوڈر رکشوں کی باڈی بنانا غیر قانونی ہے۔ موٹرسائیکل کو غیر قانونی طور پر سواری رکشہ یا لوڈر رکشہ بنانے کی ہر گز اجازت نہیں ہے۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ پنجاب اور چیف سیکرٹری کی ہدایت پر شہر بھر میں کریک ڈاؤن کیا جا رہا ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ کوالٹی پر پورے اترنے والی لائسنس یافتہ کمپنیاں ہی لوڈر رکشہ بنانے کی مجاز ہیں۔

مکینکل تکنیک کے بغیر بننے والے لوڈر رکشوں کے حادثات میں قیمتی جانیں ضائع ہوتی ہیں۔  غیر قانونی کاروبار کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی اور غیر قانونی سواری و لوڈر باڈی رکشہ میکرز  سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ شہریوں سے التماس ہے اپنے اردگرد قائم  غیر قانونی رکشہ باڈی بنانے والی فیکٹریوں اور ورکشاپس کی انتظامیہ کو اطلاع دیں۔