بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں پیپلز پارٹی پنجاب کے پارلیمانی بورڈ کا ہائبرڈ اجلاس

پارلیمانی بورڈ نے پنجاب بھر سے موزوں امیدواروں کے نام پیش کئے،ناموں پر غور کیا گیا

پیر 18 دسمبر 2023 20:25

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 دسمبر2023ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں پیپلز پارٹی پنجاب کے پارلیمانی بورڈ کا ہائبرڈ اجلاس ہوا ۔جس میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی منظوری کیلئے پاکستان پیپلزپارٹی پنجاب پارلیمانی بورڈ نے پنجاب بھر سے موزوں امیدواروں کے نام پیش کئے۔

(جاری ہے)

پاکستان پیپلزپارٹی کے پنجاب پارلیمانی بورڈ کے اجلاس میں تیر کے نشان پر الیکشن لڑنے کے خواہشمند امیدواروں کے ناموں پر غور کیا گیا اور امیدواروں کے کوائف، عوامی رابطوں کی مضبوطی اور ماضی کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

پارلیمانی بورڈ کے اجلاس میں امیدواروں کی ترقی پسند ،جمہوری سیاست سے نظریاتی وابستگی سمیت ان کی اہلیت اور استعداد کے مختلف پہلوئوں پر بات چیت کی گئی۔اجلاس میں نیئربخاری، رانا فاروق سعید، ثمینہ خالد گھرکی، حسن مرتضی، شہزاد سعید چیمہ، اسلم گل، سردار سلیم حیدر، قمر زمان کائرہ، آصف بشیر بھاگٹ، تسنیم قریشی، سید عنایت علی شاہ، رائے شاہجہاں بھٹی ، مہر غلام فرید کاٹھیا،چوہدری منظور، ندیم افضل چن، اورنگزیب برکی، عامر فرید پراچہ اور ذوالفقار علی بدر بھی موجود تھے۔