بالائی علاقوں میں موسم شدید سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہے گا ، میدانی علاقوں میں دھند چھائے رہنے کا امکان ہے

بدھ 20 دسمبر 2023 18:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 دسمبر2023ء) ملک کے بالائی علاقوں میں موسم شدید سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہے گا جبکہ میدانی علاقوں میں دھند / سموگ چھائے رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق (کل ) جمعرات کے روز ملک کے بیشتر بالائی علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ بالائی اضلاع میں شدید سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہے گا۔

(جاری ہے)

تاہم پنجاب ، خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں صبح اور رات کے اوقات میں دھند / سموگ چھائے رہنے کا امکان ہے۔ گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک کےبیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ شمالی علاقوں میں شدید سرد رہا۔ اس دوران ملک میں کم سے کم درجہ حرارت لہہ منفی 11،اسکردومنفی 08 ،استور منفی 06، کالام، گوپس منفی05 ، گلگت، قلات اور سری نگر میں منفی 04 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔