پاکستان میں 8 فروری کو ہونے والے انتخابات سیاسی جماعتوں کے لیے خوش آئند ہیں،پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے سیکرٹری جنرل سید نئیر حسین بخاری

جمعہ 22 دسمبر 2023 23:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 دسمبر2023ء) پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے سیکرٹری جنرل سید نئیر حسین بخاری نے کہا ہے کہ پاکستان میں 8 فروری کو ہونے والے انتخابات سیاسی جماعتوں کے لیے خوش آئند ہیں، تمام سیاسی جماعتوں کے لیے برابر مواقع ہونے چاہیئیں ،پاکستان پیپلزپارٹی تمام صوبوں میں اپنے امیدواروں کو اتار رہی ہے ۔

آج اسلام آباد کے تینوں حلقوں میں امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے،ہم امید کرتے ہیں الیکشن کمیشن صاف شفاف انتخابات یقینی بنائے گا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی آر او آفس اسلام آباد کے دفتر کے باہر سید سبط الحیدر بخاری کے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔الیکشن کمیشن پر ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی آئینی ذمہ داری پوری کرے گا،8 فروری کے بعد جو نتائج آئیں گے اس سے ملک میں سیاسی استحکام آئے گا،ہمارا اصرار تھا کہ لیول پلیئنگ فیلڈ سب رجسٹرڈ جماعتوں کو ملنا چاہیے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن کا آج کا فیصلہ نگران حکومت کو ایک پیغام ہے،ہر وہ شخص جو پاکستان کا شہری ہے اس کو اجازت ہونی چاہیے کہ وہ الیکشن لڑے۔ اس موقع پر امیدوار حلقہ 47سید سبط حیدر کی کاغذات نامزدگی جمع کروانے کے بعد میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ آج میں نے این 47 سے کاغذات نامزدگی جمع کروا دئیے ہیں، پیپلزپارٹی کے 2013 سے 2018 کے اقتدار کے بعد مسائل جوں کے توں ہیں ،ہم نے تعلیمی ادارے اور ہسپتال بنائے۔

انہوں نے کہا کہ 2018 سے اسلام آباد کے سٹوڈنٹس قائد اعظم یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کر رہے ہیں ،ہم پہلے بھی اپنے حلقے کی عوام کے ساتھ جڑے تھے ،آج بھی روابط بحال ہیں ،ہم نے کبھی کسی کے سہاروں سے الیکشن نہیں لڑا ،ہمارے قائدین نے جام شہادت نوش کیا ،ہم گیٹ نمبر 4 پر یقین نہیں رکھتے،تعلیمی اداروں اور صحت کی سہولیات کا فقدان اسلام آباد میں حل طلب ہے،میرا ٹارگٹ ہے کہ اسلام آباد میں ایک خواتین کی یونیورسٹی قائم کی جائے۔

سید سبط الحیدر بخاری سینکڑوں گاڑیوں کے جلوس کی قیادت کرتے ہوئے معززین علاقہ پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں وکلاء خواتین اقلیتی ونگ کی بڑی تعداد کے ہمراہ ریٹرننگ آفیسر کے دفتر پہنچے۔ راجہ عنایت الرحمن،غالب کیانی راجہ قیصر حاجی نصیر ملک قیاس وسیم عباسی سکندر ممتاز جان شیر چوہدری محمود راجہ رفیق نوید کیانی احتشام ، ملک وقار کلیم جنجوعہ وجود تھے۔