کیڈٹ کالج سانگھڑ میں 27 واں سالانہ یوم والدین شاندار طریقے سے منایا گیا

ہفتہ 23 دسمبر 2023 19:25

ٹنڈو آدم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 دسمبر2023ء) کیڈٹ کالج سانگھڑ کے 27 واں سالانہ یوم والدین گورنر سندھ محمد کامران خان ٹیسوری نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ ریئر ایڈمرل محمد سلیم ہلال امتیاز (ملٹری)، چیئرمین بورڈ آف گورنرز، کموڈور ٹریننگ اشور، ممبران بورڈ آف گورنرز، فوجی افسران، ضلعی حکومتوں کے افسران ڈپٹی کمشنر سانگھڑ خواجہ عمران الحسن، ایس ایس پی سانگھڑ میر صدام حسین خاصخیلی علاقے کے معززین رانا عبدالستار، جام قائم علی، کامران عزیز غوری ایڈوکیٹ اور کیڈٹس کے والدین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

کیڈٹس کیچاق و چوبند دستے نے مہمان خصوصی کو سلامی دی اور گارڈ آف آنر پیش کیا۔تقریب میں کیڈٹس کی طرف سے پریڈ ،پی ٹی شو، جمناسٹک ،ٹائیگر اسکواڈ ڈرل، ٹینٹ پیگنگ اور ہارس شو جمپنگ کا بھی مظاہرہ کیا۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ معیاری تعلیم کا قوموں کی ترقی میں بنیادی اور اہم کردار ہوتا ہے۔ مہمان خصوصی نے کیڈٹ کالج سانگھڑ کوکیڈٹس کی جانب سے تعلیمی بورڈ میں شاندار نتائج کے حصول پران کی کاوشوں کو سراہا اور طلبا کو بہترین تربیتی سہولیات فراہم کرنے پر کالج انتظامیہ کی تعریف کی۔

انہوں نے پاکستان بالخصوص ساحلی پٹی اور سندھ کیدور دراز علاقوں میں معیاری تعلیم کی فراہمی میں پاک بحریہ کے کردار کو بھی سراہا۔ انہوں نے کیڈٹ کالج سانگھڑ میں بطور مہمان خصوصی مدعو کرنے پر چیئرمین بورڈ آف گورنرز کا شکریہ ادا کیا۔ اس سے قبل پرنسپل کیڈٹ کالج سانگھڑ کموڈور ذیشان علی ستارہ امتیاز (ملٹری) نے اپنے خطبہ استقبالیہ میں کہا کہ کیڈٹ کالج سانگھڑ نے اپنے سازگار ماحول کے ذریعے ملک کے اعلی تعلیمی اداروں میں نمایاں مقام حاصل کیا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ کیڈٹس کو صحت مندانہ ماحول فراہم کرکے متلفح شعبہ ہاے زندگی کے لیے تیار کیاجاتا ہے جن میں دفاع، سول سروسز، میڈیکل، انجینئرنگ اور مختلف شعبے شامل ہیں ۔

مہمان خصوصی نے نصابی اور ہم نصابی سرگرمیوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کیڈٹس میں انعامات تقسیم کیے، جس میں اعزازی ایوارڈ اسٹک آف آنر سابق کیڈٹ ابنِ عبداللہ اور بیج آف آنر سابق کیڈٹ رانا شہریار کو دیا گیا۔ کیڈٹ محمد کبیر (سینئر) اور کیڈٹ محمد حذیفہ (جونیئر) پلیئر آف دی ایئر قرار پائے۔ جبکہ چیمپئن ٹرافی جام صادق علی ڈویژن نیحاصل کی ۔

اس کے علاوہ مہمان خصوصی نے سابق کیڈٹ مسٹر جواد لاڑک ، سابق کیڈٹ میجر محمد آصف خٹک اور سابق کیڈٹ لیفٹیننٹ کمانڈر محمد شعیب کو کیڈٹ کالج سانگھڑ کی طرف سی"بیسٹ المنائی ایوارڈ" حاصل کرنے پر مبارکباد دی۔مہمان خاص نے حکومت سندھ کے مالی تعاون سے نئے تعمیر شدہ مہران کیڈٹس میس کا بھی افتتاح کیا ،جس میں ایک ہزار کیڈٹس کے بیٹھنے کی گنجائش موجود ہے اور بہترین سہولیات سے آراستہ ہے۔

مہمان خصوصی نے یادگار کے طور پر ایک پودا بھی لگایا۔ گورنر سندھ نے منصوبے کی بروقت تکمیل پر کیڈٹ کالج سانگھڑ کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کیڈٹس کی جانب سے پیش کی گئی سائنس، آرٹس اور ثقافتی نمائش کو بھی دیکھا اور کیڈٹس کی محنت اور کاوشوں کی تعریف کی۔ تقریب میں شریک تمام مہمانوں نے کیڈٹس کی جانب سے پیش کی گئی مختلف پرفارمنس اور سرگرمیوں سے بھرپور لطف اٹھایا اور کامیاب پروگرام کے انعقاد پر کالج انتظامیہ اور کیڈٹس کو سراہا۔

بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ سفید وردی میں کھڑے یہ نوجوان کیڈٹس سندھ دھرتی کا بہترین مستقبل ہیں پاکستان نیوی نے اداروں کی بہتری کیلئے جو کوششیں کی ہیں وہ نظر آرہی ہیں وہ قابل تحسین ہیں سندھ حکومت بھی آپکے ساتھ ہے پاکستان بڑی قربانیوں کے بعد حاصل کیا گیا تھا مگر وہ مقاصد حاصل نہیں ہوسکے ہم قومیتوں اور فرقوں میں بٹ گئے اور وہ مقصد بھول گئے جس کیلئے یہ وطن عزیز بنایا تھا ہم آئی ایم سے دو ملین ڈالر قرض مانگ رہے ہیں ہم ایٹمی قوت ہیں لیکن قائد اعظم کا تصور نہیں بن سکے اس وطن کیلئے جو حکمرانوں کو کرنا تھا وہ نہیں کرسکے حکومت مجھ سمیت تعلیم اور صحت کیلئے کچھ نہیں کرسکے دنیا ترقی کررہی ہے اور ہمارے صوبے کے لوگ میٹھے پانی، بجلی اور گیس کیلئے تڑپ رہے ہیں سندھ صوفیا کرام کی دھرتی ہے اربوں روپے کی بجٹ ملتی ہے مگر وہ کرپشن کی نذر ہوجاتی ہے ان سب پر ہم خاموش ہیں جو قوم کرپشن اور ناانصافیوں پر خاموش رہتی ہے وہ قوم ترقی نہیں کرسکتی پاکستان کا بچہ بچہ آئی ایم ایف کا مقروض ہے جو ہمارے ملک کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہے الیکشن ضرور ہونگے مگر امن و امان ملک کی ترقی اور معیشت کی بحالی کیلئے ضروری ہے۔