چکوال، ایازامیرکی کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کیخلاف اپیل سماعت کیلئے مقرر

بدھ 3 جنوری 2024 18:07

چکوال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جنوری2024ء) چکوال سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے امیدوار و سینئر صحافی چوہدری ایاز امیر کی کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف اپیل سماعت کے لیے منظور ہوگئی ہے۔ جسٹس عبد العزیز نے 5 جنوری کے لیے فریقین کو نوٹس جاری کردیے، ریٹرننگ افسر (آر او) نے چکوال کے حلقہ این اے 58 سے ایاز امیر کے کاغذات نامزدگی مسترد کر دیے تھے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ 22 دسمبر کو سپریم کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی لیول پلیئنگ فیلڈ سے متعلق درخواست کو نمٹاتے ہوئے الیکشن کمیشن کو تمام شکایات پر فوری ایکشن لے کر انہیں حل کرنے کا حکم جاری کردیا تھا۔بعد ازاں الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کو لیول پلیئنگ فیلڈ سے متعلق تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا تھا کہ انتخابی عمل میں رکاوٹ بننے والے ڈی آر اوز، آر اوز اور پولیس افسران کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔26 دسمبر کو لیول پلیئنگ فیلڈ کے احکامات پر عملدرآمد نہ ہونے پر پاکستان تحریک انصاف نے سپریم کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کر دی تھی۔